Tadabbur-e-Quran - Az-Zukhruf : 84
وَ هُوَ الَّذِیْ فِی السَّمَآءِ اِلٰهٌ وَّ فِی الْاَرْضِ اِلٰهٌ١ؕ وَ هُوَ الْحَكِیْمُ الْعَلِیْمُ
وَهُوَ الَّذِيْ : اور وہ اللہ وہ ذات ہے فِي السَّمَآءِ : جو آسمان میں اِلٰهٌ : الہ ہے وَّفِي الْاَرْضِ : اور زمین میں اِلٰهٌ : الہ ہے ۭ وَهُوَ الْحَكِيْمُ الْعَلِيْمُ : اور وہ حکمت والا ہے، علم والا ہے
اور وہی اکیلا آسمانوں میں بھی خداوند ہے اور وہی زمین میں بھی خداوند ہے اور وہی حقیقی حکیم وعلیم ہے
وھو الذی فی السمآء الہ وفی الارض الہ وھو الحکیم العلیم (84) یعنی وہی تنہا آسمانوں کا بھی خداوند ہے اور وہی زمین کا بھی خداوند ہے اور تنہا اسی کا حکم و ارادہ ان دونوں کے اندر کار فرما ہے۔ ان کا باہمی توافق دلیل ہے کہ یہ ایک ہی قادر وقیوم کی مشیت کے تحت کام کر رہے ہیں۔ اگر ان کے اندر متعدد ارادے کار فرما ہوتے تو یہ درہم برہم ہو کر رہ جاتے۔ وھو الحکیم العلیم وہ حکیم وعلیم ہے نہ اس کا کوئی کام حکمت سے خالی ہوتا اور نہ وہ اپنی معلومات کے لئے کسی کی مدد کا محتاج ہے اس وجہ سے شفاعت باطل کا عقیدہ جس کی آڑ میں مشرکین آخرت سے نچنت بیٹھے ہیں، بالکل بےسود ہے۔ یہ عقیدہ اس کی حکمت اور اس کے علم کی نفی ہے۔
Top