Urwatul-Wusqaa - Al-Hajj : 49
قُلْ یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ اِنَّمَاۤ اَنَا لَكُمْ نَذِیْرٌ مُّبِیْنٌۚ
قُلْ : فرما دیں يٰٓاَيُّهَا النَّاسُ : اے لوگو ! اِنَّمَآ : اس کے سوا نہیں اَنَا : میں لَكُمْ : تمہارے لیے نَذِيْرٌ مُّبِيْنٌ : ڈرانے والا آشکارا
کہہ دیجئے اے لوگو ! میں اس کے سوا کچھ نہیں ہوں کہ تمہیں اعلانیہ خبردار کردینا چاہتا ہوں
آپ اعلان کردیں اے پیغمبر اسلام ! ﷺ کہ میں نذیر بنا کر بھیجا گیا ہوں : 49۔ (یایھا الناس) کے اصل مخاطب وہی لوگ ہیں جنہوں نے گزشتہ آیت میں نبی اعظم وآخر ﷺ سے عذاب لانے کا مطالبہ کیا تھا کہ اگر تم سچے ہو تو اس عذاب کو لے کیوں نہیں آتے جس عذاب کے آنے کی تم ہم کو دھمکی دیتے رہے ہو ۔ زیر نظر آیت میں فرمایا کہ اے پیغمبر اسلام ! ﷺ آپ ﷺ کہہ دیجئے کہ لوگو ! میں تو تم کو صرف خبردار کرنے کے لئے آیا ہوں اور وہ میں نے تم کو کردیا ہے میں نے کب کہا کہ میں تمہاری قسمتوں کا فیصلہ کرنے والا ہوں ؟ میں نے تو یہ کہا ہے ‘ کہتا ہوں اور جب تک ہوں کہوں گا کہ بچ جاؤ اس شامت آنے سے پہلے پہلے جو یقینا آئے گی اگر تم نے مخالفت اسی طرح جاری رکھی فیصلہ کرنا اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے اور وہی یہ بات اچھی طرح جانتا ہے کہ کس کو کب تک مہلت دینی ہے اور کب اور کس صورت میں اس کو پکڑ لینا ہے ۔ لہذا اس معاملہ میں اتنا ہی جانتا ہوں جتنا کہ اس نے مجھے بتایا ہے اور جو کچھ اس نے بتایا ہے وہ میں نے تم کو پہنچا دیا اگر وقت اس نے بتا دیا تو میں وہ بھی ضرور بتاؤں گا لیکن میں اپنی طرف سے پہلے کیا کچھ کہہ رہا ہوں جو اب تم کو کہوں گا ؟ اے پیغمبر اسلام ! ﷺ کے بہت سے صفاتی نام ہیں اور انہی ناموں میں سے ایک نام (نذیر) بھی ہے جس کے معنی ڈرانے والے کے ہیں ۔
Top