Urwatul-Wusqaa - Al-Maaida : 24
قَالُوْا یٰمُوْسٰۤى اِنَّا لَنْ نَّدْخُلَهَاۤ اَبَدًا مَّا دَامُوْا فِیْهَا فَاذْهَبْ اَنْتَ وَ رَبُّكَ فَقَاتِلَاۤ اِنَّا هٰهُنَا قٰعِدُوْنَ
قَالُوْا : انہوں نے کہا يٰمُوْسٰٓى : اے موسیٰ اِنَّا : بیشک ہم لَنْ نَّدْخُلَهَآ : ہرگز وہاں داخل نہ ہوں گے اَبَدًا : کبھی بھی مَّا دَامُوْا : جب تک وہ ہیں فِيْهَا : اس میں فَاذْهَبْ : سو تو جا اَنْتَ : تو وَرَبُّكَ : اور تیرا رب فَقَاتِلَآ : تم دونوں لڑو اِنَّا : ہم ھٰهُنَا : یہیں قٰعِدُوْنَ : بیٹھے ہیں
وہ بولے اے موسیٰ ! جب تک وہ لوگ وہاں موجود ہیں ہم کبھی اس میں داخل ہونے والے نہیں ، تم خود چلے جاؤ اور تمہارا رب بھی تمہارے ساتھ چلا جائے ہم تو یہاں بیٹھے رہیں گے تم دونوں وہاں لڑتے رہنا
نبی اسرائیل نے موسیٰ (علیہ السلام) کو ایسا جواب دیا جو ان کی ڈھٹائی پر دال ہے : 92: بنی اسرائیل نے موسیٰ (علیہ السلام) کے حکم کی نافرمانی کی اور دشمن سے خائف ہو کر جہاد سے قطعی انکار کردیا جو ان کی ڈھٹائی کی کھلی دلیل ہے ۔ اس سے پوری قوم کا کردار بھی کھل کر سامنے آگیا۔ ظاہر ہے کہ جن لوگوں کی بزدلی اور دہشت زدگی کا یہ عالم ہو ان کے لئے حضرت موسیٰ ، ہارون ، یوشع اور کالب کی یقین دہانی کہ ” خدا ہمارے ساتھ ہے تم ان کا خوف نہ کرو۔ “ بالکل بےسود تھی۔ وہ ایسے نازل موقع پر بھی طنز سے باز نہ آئے اور یہ بھی مردہ قوموں کی ایک واضح نشانی ہے کہ وہ مرنے کے بعد بھی سانپ کی طرح ” دس گھولتی “ رہتی ہیں اور اس طرح نصیحت آمیز باتیں ان پر آگ کا کام کرتی ہیں انہوں نے طنز کے طور پر کہا کہ تم اور تمہارا خدا جاؤ ان سے جا کر لڑا کرو ہم تو یہی بیٹھیں گے ان کا یہ جملہ اس بات کی کھلی دلیل ہے کہ خدا کے بارے میں ان کا عقیدہ صرف ایک فرضی عقیدہ رہ گیا تھا وہ بھی اس لئے کہ ان کا یہ عقیدہ پیچھے سے چلا آرہا تھا جس سے انکار ان کے اختیار میں نہ تھا لیکن دراصل وہ اپنی منافقت کے باعث اس کی افادیت کھوچکے تھے اور بدقسمتی سے آج کل قوم مسلم کی اکثریت کا بھی یہی حال ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ جس مقصد کے لئے مسلمانوں کو یہ داستان بنی اسرائیل سنائی گئی تھی اس مقصد کو وہ بالکل فراموش کرچکے ہیں اور مذہبی راہنما ہیں کہ ان کو اس مقصد کی طرف دعوت دینے سے بالکل خاموش ہوچکے ہیں اللہ کرے کہ اس قوم مسلم میں بھی کوئی یوشع اور کالب پیدا ہوجائے جو گالیاں کھا کر بھی ان کے کانوں کی کھڑکیاں کھول دے اور : وَ اَنْتُمُ الْاَعْلَوْنَ اِنْ کُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ 00139 کا مطلب ان پر واضح کردے۔
Top