Ruh-ul-Quran - Yaseen : 74
وَ اتَّخَذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ اٰلِهَةً لَّعَلَّهُمْ یُنْصَرُوْنَؕ
وَاتَّخَذُوْا : اور انہوں نے بنا لیے مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ : اللہ کے سوا اٰلِهَةً : اور معبود لَّعَلَّهُمْ : شاید وہ يُنْصَرُوْنَ : مدد کیے جائیں
اور انھوں نے اللہ تعالیٰ کے سوا دوسرے معبود بنا لیے ہیں اس امید پر کہ ان کی مدد کی جائے گی
وَاتَّخَذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ اٰلِھَۃً لَّعَلَّہُمْ یُنْصَرُوْنَ ۔ لاَ یَسْتَطِیْعُوْنَ نَصْرَھُمْ لا وَھُمْ لَہُمْ جُنْدٌمُّحْضَرُوْنَ ۔ (یٰسٓ: 74، 75) (اور انھوں نے اللہ تعالیٰ کے سوا دوسرے معبود بنا لیے ہیں اس امید پر کہ ان کی مدد کی جائے گی۔ وہ ان کی کوئی مدد نہیں کرسکیں گے بلکہ وہ ان کی حاضر کی ہوئی فوج بنیں گے۔ ) مخالفین کے دلوں کی سنگینی مخالفین کے دلوں کی سختی اور قبولیتِ حق سے اعراض کی انتہا یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی ربوبیت کا جس طرح ذکر فرمایا اور انسانوں پر کی جانے والی بیشمار نعمتوں کا حوالہ دے کر انہیں اپنے شکر کی طرف توجہ دلائی۔ اس کا نتیجہ تو یہ ہونا چاہیے تھا کہ وہ حق کی طرف لپکتے اور اپنی سرکشی اور تمرد کو ختم کرکے اللہ تعالیٰ کے عاجز بندے بن جاتے۔ بصورتِ دیگر وہ اپنے انجام سے ڈرتے اور ان پر سراسیمگی کی کیفیت طاری ہوجاتی۔ لیکن ان کا حال یہ ہے کہ ان تمام باتوں سے اثر قبول کرنے کی بجائے انھوں نے اللہ تعالیٰ کے مقابلے میں کچھ معبود بنا لیے ہیں اور یہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ اگر بالفرض قیامت آہی گئی اور جواب دہی کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور حاضر ہونا پڑا تو یہ ہمارے معبود ہمیں اللہ تعالیٰ کے غضب سے بچا لیں گے۔ پروردگار ان کی غلط فہمی کو دور کرنے کے لیے فرما رہا ہے کہ نادانو ! وہ تمہاری کیا مدد کریں گے، وہ اس قابل کہاں کہ تمہاری مدد کو پہنچیں۔ البتہ جب تم سے تمہاری ان مشرکانہ زندگی کے بارے میں جواب طلب کیا جائے گا تو یہی تمہارے معبود تمہارے خلاف اس لشکر میں حاضر ہوں گے جو تمہارے خلاف گواہی دے گا۔ یا اس کا مطلب یہ ہے کہ جب یہ مجرموں کی صف میں کھڑے ہوں گے تو جن قوتوں کو انھوں نے اپنا معبود بنا رکھا تھا انہیں بھی ان کے ساتھ کھڑا کیا جائے گا۔ کیونکہ دنیا میں یہ جھوٹے معبود اپنے نام نہاد پرستاروں کی پرستش ہی سے اپنے وجود اور بقا کے ضامن تھے۔ اگر یہ لوگ ان کا پر اپیگنڈا نہ کرتے اور خلق خدا کو ان کا گرویدہ نہ بناتے تو کوئی انہیں پوجنے والا نہ ہوتا۔ اس لیے یہ ان کے لشکر کے طور پر ان کے ساتھ پکڑے جائیں گے۔
Top