Tadabbur-e-Quran - Yaseen : 74
وَ اتَّخَذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ اٰلِهَةً لَّعَلَّهُمْ یُنْصَرُوْنَؕ
وَاتَّخَذُوْا : اور انہوں نے بنا لیے مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ : اللہ کے سوا اٰلِهَةً : اور معبود لَّعَلَّهُمْ : شاید وہ يُنْصَرُوْنَ : مدد کیے جائیں
اور انہوں نے اس توقع پر اللہ کے سوا دوسرے معبود بنائے ہیں کہ ان کی مدد کی جائے گی۔
آیت 74۔ 75 یعنی اس واضح حقیقت کو مواجہہ کرنے کے بجائے انہوں نے حقیقت سے فرار کے لئے چور دروازے پیدا کیے ہیں۔ حق تو یہ تھا کہ جس رب کی نعمتوں سے بہرہ مند ہو رہے ہیں اس کے حقوق و فرائض پہنچانتے اور ان کو ادا کرتے لیکن انہوں نے کیا یہ ہے کہ خدا کے سوا کچھ دوسرے معبود انہوں نے ایجاد کیے ہیں اور ان کے کچھ رسوم ادا کرکے یہ توقع کر رہے ہیں کہ اگر خدا کی طرف سے کوئی گرفت ہوئی تو ان کی مدد سے وہ چھوٹ جائیں گے۔ ’ لا یستطیعون الایۃ ‘۔ فرمایا کہ ان کی مدد تو وہ کیا خاک کرسکیں گے۔ البتہ یہ ہوگا کہ ان کے ساتھ یہ بھی ان کی فوج کی حیثیت سے خدا کے حضور میں حاضر کیے جائیں گے اور پھر اللہ تعالیٰ فیصلہ فرمائے گا کہ یہ کس سزا کے مستحق ہیں۔
Top