Tafseer-e-Saadi - Yaseen : 74
وَ اتَّخَذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ اٰلِهَةً لَّعَلَّهُمْ یُنْصَرُوْنَؕ
وَاتَّخَذُوْا : اور انہوں نے بنا لیے مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ : اللہ کے سوا اٰلِهَةً : اور معبود لَّعَلَّهُمْ : شاید وہ يُنْصَرُوْنَ : مدد کیے جائیں
اور انہوں نے خدا کے سوا (اور) معبود بنا لئے ہیں کہ شاید (ان سے) ان کو مدد پہنچے
آیت 74 یہ مشرکین کے خود ساختہ معبودوں کے بطلان کا بیان ہے جن کو انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شریک ٹھہرا رکھا ہے اور ان سے مدد اور سفارش کی امید رکھتے ہیں، حالانکہ وہ انتہائی عاجز ہیں (لایستطیعون نصرھم) ” نہ وہ ان کی مدد کرسکتے ہیں “ اور نہ خود اپنی مدد پر قادر ہیں۔ جب وہ اپنی مد نہیں کرسکتے تو وہ ان کی مد کیسے کرسکتے ہیں۔ مدد کرنا دو امور سے مشروط ہے استطاعت اور ارادہ جب کوئی مدد کرنے کی استطاعت رکھتا ہو تو ایک چیز بای رہ جاتی ہے کہ آیا وہ اپنے عبادت گزار بندے کی مدد کرنا چاہتا بھی ہے یا نہیں۔ استطاعت کی نفی سے دونوں امور کی نفی ہوجاتی ہے (وھم لھم جند محصرون) یعنی وہ ان کے حاضر باش لشکر ہوں گے۔ وہ سب عذاب میں ڈالے جائیں گے اور ایک دوسرے سے برأت کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے دنیا میں ان خود ساختہ معبودوں کی عبادت سے برأت کا اظہار کر کے اپنی عبادت کو اس ہستی کے لئے خالص کیوں نہیں کیا جس کے ہاتھ میں نفع و نقصان ہے، عطا کرنا اور محروم کرنا اسی کے اختیار میں ہے اور وہی والی اور مددگار ہے۔
Top