Anwar-ul-Bayan - Yaseen : 74
وَ اتَّخَذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ اٰلِهَةً لَّعَلَّهُمْ یُنْصَرُوْنَؕ
وَاتَّخَذُوْا : اور انہوں نے بنا لیے مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ : اللہ کے سوا اٰلِهَةً : اور معبود لَّعَلَّهُمْ : شاید وہ يُنْصَرُوْنَ : مدد کیے جائیں
اور انہوں نے اللہ کے سوا معبود بنالیے ہیں اس امید پر کہ ان کی مدد کردی جائے گی۔
مشرکین کی بیوقوفی اس کے بعد فرمایا (وَاتَّخَذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ اٰلِہَۃً لَّعَلَّہُمْ یُنْْصَرُوْنَ ) اور ان لوگوں نے اللہ کے علاوہ معبود بنا لیے ہیں جن سے یہ امید رکھتے ہیں کہ یہ ہماری مدد کریں گے۔ (لاَ یَسْتَطِیْعُوْنَ نَصْرَھُمْ ) (جن لوگوں سے مدد کی امید کر رکھی ہے وہ ان کی مدد نہیں کرسکتے) (وَھُمْ لَہُمْ جُندٌ مُّحْضَرُوْنَ ) (اور وہ ان کے لیے فریق مخالف ہوجائیں گے جو حاضر کردئیے جائیں گے) یعنی اللہ کے سوا جنہیں معبود بنا کر ان سے مدد کی امید باندھے ہوئے ہیں وہ تو ان معبود بنانے والوں کے مخالف ہوجائیں گے اور میدان قیامت میں بالاضطرار حاضر کردئیے جائیں گے اور وہاں حاضر ہو کر جنہوں نے انہیں معبود بنایا تھا ان کی مخالفت کردیں گے۔ سورة مریم میں فرمایا : (وَاتَّخَذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ اٰلِھَۃً لِّیَکُوْنُوْا لَھُمْ عِزًّا کَلَّاسَیَکْفُرُوْنَ بِعِبَادَتِھِمْ وَیَکُوْنُوْنَ عَلَیْھِمْ ضِدًّا) (اور ان لوگوں نے خدا کو چھوڑ کر دوسرے معبود تجویز کر رکھے ہیں تاکہ ان کے لیے وہ باعث عزت ہوں، ہرگز نہیں وہ ان کی عبادت ہی کا انکار کریں گے اور ان کے مخالف ہوجائیں گے) وہاں جھوٹی آرزوؤں کی قلعی کھل جائے گی۔
Top