Al-Quran-al-Kareem - Al-Mulk : 30
قُلْ اَرَءَیْتُمْ اِنْ اَصْبَحَ مَآؤُكُمْ غَوْرًا فَمَنْ یَّاْتِیْكُمْ بِمَآءٍ مَّعِیْنٍ۠   ۧ
قُلْ اَرَءَيْتُمْ : کہہ دیجئے کیا دیکھا تم نے اِنْ : اگر اَصْبَحَ : ہوجائے مَآؤُكُمْ : پانی تمہارا غَوْرًا : خشک ۔ گہرا فَمَنْ يَّاْتِيْكُمْ : تو کون ہے جو لائے تمہارے پاس بِمَآءٍ مَّعِيْنٍ : بہتا پانی
کہہ دے کیا تم نے دیکھا اگر تمہارا پانی گہرا چلا جائے تو کون ہے جو تمہارے پاس بہتا ہوا پانی لائے گا ؟
1۔ قُلْ اَرَئَ یْتُمْ اِنْ اَصْبَحَ مَآؤُکُمْ غَوْرًا۔۔۔۔:”غورا“”غار یغور غورا“ (ن) گہرا چلا جانا۔ مصدر بمعنی اسم فاعل ہے۔”معین“ کے لیے دیکھئے سورة ٔ صافات (45)۔ 2۔ اس آیت سے تعلق رکھنے والا ایک عجیب واقعہ صاحب کشاف نے ذکر کیا ہے کہ ایک ملحد کے پاس یہ آیت پڑھی گئی تو اس نے کہا کہ (اگر وہ پانی گہرا چلا جائے تو) کسیاں اور بیلچے اسے نکال لائیں گے ، تو اس کی آنکھوں کا پانی خشک ہوگیا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی اور اپنی آیات کی گستاخی سے اپنی پناہ میں رکھے۔ (آمین) پچھلی آیات میں فرمایا تھا کہ اگر اللہ تعالیٰ اپنا رزق روک لے اور بارش نہ برسائے تو کون ہے جو تمہیں بارش عطاء فرمائے ؟ قحط کے وقت اپنے خداؤں کی بےبسی تم دیکھ ہی چکے ہو۔ اب حکم ہوتا ہے کہ ان سے پوچھو کہ یہی پانی جس پر تمہاری زندگی کا دارومدار ہے ، اگر گہرا ہوجائے اور تمہاری دسترس سے باہر ہوجائے تو کون ہے جو بہتا ہوا پانی تمہارے پاس لے آئے ؟ ظاہ رہے کہ اللہ کے علاوہ کسی کے پاس یہ قوت نہیں ہے۔
Top