Anwar-ul-Bayan - Al-Maaida : 77
وَ نَادَوْا یٰمٰلِكُ لِیَقْضِ عَلَیْنَا رَبُّكَ١ؕ قَالَ اِنَّكُمْ مّٰكِثُوْنَ
وَنَادَوْا : اور وہ پکاریں گے يٰمٰلِكُ : اے مالک لِيَقْضِ : چاہیے کہ فیصلہ کردے عَلَيْنَا رَبُّكَ : ہم پر تیرا رب قَالَ اِنَّكُمْ : کہے گا بیشک تم مّٰكِثُوْنَ : تم یونہی رہنے والے ہو
اور وہ پکاریں گے کہ اے مالک تیرا پروردگار ہمارا کام تمام کردے، وہ جواب دیں گے کہ بیشک تم اسی میں رہو گے،
اس کے بعد ان کی ایک درخواست کا ذکر ہے۔ حضرت مالک جو دوزخ کے خازن یعنی ذمہ دار ہیں ان سے عرض معروض کریں گے ﴿ وَ نَادَوْا يٰمٰلِكُ لِيَقْضِ عَلَيْنَا رَبُّكَ 1ؕ﴾ اور اہل دوزخ پکار کر کہیں گے کہ اے مالک تمہارا پروردگار ہمارا کام ہی تمام کر دے) یعنی ہمیں موت ہی دیدے تاکہ ہم اس عذاب سے چھوٹ جائیں وہ جواب دیں گے ﴿ اِنَّكُمْ مّٰكِثُوْنَ 0077﴾ (بلاشبہ تم کو اسی میں رہنا ہے۔ ) سنن ترمذی میں ہے کہ اہل دوزخ آپس میں مشورہ کریں گے کہ داروغا ہائے دوزخ سے عرض معروض کریں، لہٰذا وہ ان سے کہیں گے ﴿ادْعُوْا رَبَّكُمْ يُخَفِّفْ عَنَّا يَوْمًا مِّنَ الْعَذَابِ 0049﴾ (تم ہی اپنے پروردگار سے دعا کرو کہ کسی ایک دن تو ہم سے عذاب ہلکا کردے) وہ جواب دیں گے ﴿اَوَ لَمْ تَكُ تَاْتِيْكُمْ رُسُلُكُمْ بالْبَيِّنٰتِ ﴾ (کیا تمہارے پاس تمہارے پیغمبر معجزات لے کر نہیں آتے تھے اور دوزخ سے بچنے کا طریقہ نہیں بتلاتے تھے ؟ ) اس پر دوزخی جواب دیں گے کہ بَلٰى یعنی ہاں آتے تو تھے لیکن ہم نے ان کا کہنا نہ مانا، فرشتے جواب میں کہیں گے ﴿ وَ مَا دُعَآءُ الْكٰفِرِيْنَ اِلَّا فِيْ ضَلٰلٍ 0014﴾ (تو پھر ہم تمہارے لیے دعا نہیں کرسکتے تم ہی دعا کرلو اور وہ بھی بےنتیجہ ہوگی) کیونکہ کافروں کی دعا (آخرت میں) بالکل بےاثر ہے ﴿ يٰمٰلِكُ لِيَقْضِ عَلَيْنَا ﴾ اے مالک (تم دعا کرو کہ) تمہارا پروردگار (ہم کو موت دے کر) ہمارا کام تمام کردے وہ جواب دیں گے ﴿ اِنَّكُمْ مّٰكِثُوْنَ 0077﴾ تم ہمیشہ اسی حال میں رہو گے (نہ نکلو گے نہ مرو گے) حضرت اعمش (رح) فرماتے تھے کہ مجھے روایت پہنچی ہے کہ مالک ( علیہ السلام) کے جواب میں اور دوزخیوں کی درخواست میں ہزار برس کی مدت کا فاصلہ ہوگا۔ عزاہ صاحب المشکٰوة الی الترمذی وقال قال عبد اللّٰہ بن عبد الرحمن والناس لا یرفعون ھذا الحدیث، قال علی القاری فی المرقاة ای یجعلون موقوفًا علی ابی الدارء لکنہ فی حکم المرفوع فان امثال ذلک لیس مما یمکن ان یقال من قبل الرای۔ 1 ھ
Top