Anwar-ul-Bayan - At-Taghaabun : 5
اَلَمْ یَاْتِكُمْ نَبَؤُا الَّذِیْنَ كَفَرُوْا مِنْ قَبْلُ١٘ فَذَاقُوْا وَبَالَ اَمْرِهِمْ وَ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ
اَلَمْ يَاْتِكُمْ : کیا نہیں آئی تمہارے پاس نَبَؤُا الَّذِيْنَ : خبر ان لوگوں کی كَفَرُوْا : جنہوں نے کفر کیا مِنْ قَبْلُ : اس سے پہلے فَذَاقُوْا : تو انہوں نے چکھا وَبَالَ اَمْرِهِمْ : وبال اپنے کام کا وَلَهُمْ عَذَابٌ : اور ان کے لیے عذاب اَلِيْمٌ : دردناک
کیا تم کو ان لوگوں کے حال کی خبر نہیں پہنچی جو پہلے کافر ہوئے تھے ؟ تو انہوں نے اپنے کاموں کی سزا کا مزا چکھ لیا اور (ابھی) دکھ دینے والا عذاب (اور) ہونا ہے۔
(64:5) الم یاتکم : ا ہمزہ استفہام انکاری کے لئے ہے۔ لم یاتی مضارع نفی جحد بلم واحد مذکر غائب اتیان (باب ضرب) مصدر۔ بمعنی آنا۔ آجانا۔ کم ضمیر مفعول جمع مذکر حاضر۔ خطاب کفار مکہ یا تمام اہل مکہ سے ہے۔ کیا تمہارے پاس نہیں آئی۔ (اے اہل مکہ یا اے کفار مکہ) ۔ نبو اسم مرفوع۔ خبر۔ اطلاع۔ مضاف۔ الذین کفروا اسم موصول و صلہ جنہوں نے کفر کیا۔ من قبل : ای من قبلکم تم سے پہلے ۔ متعلق صلہ۔ اسم موصول و صلہ مل کر مضاف الیہ نبؤ کا۔ کیا نہیں پہنچی تم کو خبر ان لوگوں کی جنہوں نے تم سے قبل کفر اختیار کیا (مثل قوم نوح وقوم ہود (علیہ السلام) ، قوم صالح (علیہ السلام) وغیرہ) فذاقوا :ترتیب کا ہے یعنی وہ خبر یہ ہے کہ انہوں نے کفر اختیار کیا اور اس کے نتیجے میں مرتب ہونے والا انجام بھی انہوں نے چکھ لیا۔ ذاقوا ماضی جمع مذکر غائب ذوق (باب نصر) مصدر۔ انہوں نے چکھا۔ انہوں نے چکھ لیا۔ وبال امرھم : امرھم مضاف ، مضاف الیہ مل کر مضاف الیہ وبال مضاف کا مضاف مضاف الیہ مل کر مفعول فعل ذاقوا کا۔ وبال کسی کام کا انجام بد۔ وہ بوجھ اور سختی جو کسی کام کے انجام کے طور پر مرتب ہو۔ الوبیل۔ وہ طعام جو معدہ پر گراں گزرے۔ الوابل وہ بارش جو موٹی موٹی بوندوں والی ہو۔ پس چکھ لیا انہوں نے اپنے فعل کے انجام کا ضرر (اس دنیا میں ) ولہم عذاب الیہم : اور (آخرت میں) ان کے لئے ہے دردناک عذاب عذاب الیم موصوف و صفت۔
Top