Baseerat-e-Quran - Al-Maaida : 14
وَ مِنَ الَّذِیْنَ قَالُوْۤا اِنَّا نَصٰرٰۤى اَخَذْنَا مِیْثَاقَهُمْ فَنَسُوْا حَظًّا مِّمَّا ذُكِّرُوْا بِهٖ١۪ فَاَغْرَیْنَا بَیْنَهُمُ الْعَدَاوَةَ وَ الْبَغْضَآءَ اِلٰى یَوْمِ الْقِیٰمَةِ١ؕ وَ سَوْفَ یُنَبِّئُهُمُ اللّٰهُ بِمَا كَانُوْا یَصْنَعُوْنَ
وَمِنَ : اور سے الَّذِيْنَ قَالُوْٓا : جن لوگوں نے کہا اِنَّا : ہم نَصٰرٰٓى : نصاری اَخَذْنَا : ہم نے لیا مِيْثَاقَهُمْ : ان کا عہد فَنَسُوْا : پھر وہ بھول گئے حَظًّا : ایک بڑا حصہ مِّمَّا : اس سے جو ذُكِّرُوْا بِهٖ : جس کی نصیحت کی گئی تھی فَاَغْرَيْنَا : تو ہم نے لگا دی بَيْنَهُمُ : ان کے درمیان الْعَدَاوَةَ : عداوت وَالْبَغْضَآءَ : اور بغض اِلٰي : تک يَوْمِ الْقِيٰمَةِ : روز قیامت وَسَوْفَ : اور جلد يُنَبِّئُهُمُ : انہیں جتا دے گا اللّٰهُ : اللہ بِمَا كَانُوْا : جو وہ يَصْنَعُوْنَ : کرتے تھے
اور ہم نے ان لوگوں سے بھی عہد لیا تھا جو کہتے تھے کہ ہم نصاریٰ ہیں۔ انہوں نے بھی وہ نصیحتیں بھلا دیں جو انہیں کی گئی تھیں۔ اس لئے ہم نے ان کے درمیان عداوت اور بغض قیامت تک کے لئے ڈال دیا ہے۔ اور عنقریب اللہ ان کو بتا دے گا کہ وہ زندگی میں کیا کیا کرتے رہے ہیں۔
آیت نمبر 14 لغات القرآن : خطا (حصہ) ۔ اغرینا (اغراء) ۔ ہم نے بھڑکا دیا۔ ڈال دیا) ۔ البغضآء (کینہ۔ نفرت۔ بغض) ۔ ینبی (وہ بتائے گا۔ خبردار کرے گا) ۔ یصنعون (وہ کرتے ہیں۔ بناتے ہیں) ۔ تشریح : یہودیوں اور عیسائیوں کا قصور ایک ہے۔ دونوں نے تحریفیں کی ہیں۔ ایک نے توریت میں اور ایک نے انجیل میں۔ چناچہ اب نہ اصلی توریت ہے نہ اصلی انجیل۔ جو نیک باتیں ان آسمانی کتابوں میں لکھی تھیں۔ اس تحریف کی وجہ سے ان کا فائدہ وہ نہ اٹھا سکے اور اس طرح سیدھی راہ سے دور بھٹک کر گمراہی میں جا پڑے ہیں۔ یہودیوں کو سزا یہ دی گئی کہ وہ ملعون ہوئے۔ ان کے دل پتھر کی طرح سخت کر دئیے گئے جو نیک باتوں کو قبول نہ کرسکے۔ عیسائیوں کو سزا یہ دی گئی کہ ان کی دینی وحدت توڑ دی گئی اور وہ آپس میں لڑنے جھگڑنے لگے۔ پہلی جنگ عظیم اور دوسری جنگ عظیم امریکہ سے لے کر روس تک عیسائی طاقتوں کے اندر ہی ہوئی ہے اور دلوں کی دشمنی اب تک قائم ہے۔ جنوبی امریکہ کی اکثیرت عیسائی ہے مگر وہاں کی ریاستیں ہمیشہ ایک دوسرے سے لڑتی رہتی ہیں۔ یہ کمیونزم کا نیا شوشہ بھی عیسائیوں کے اندر ہی سے نکلا ہے اگرچہ نکالنے والے اور پروان چڑھانے والے یہودی ہیں۔ عیسائیت خود دو حصوں میں تقسیم ہے۔ رومن کیتھولک اور پروٹسٹینٹ۔ انگلینڈ نے پروٹسٹینٹ گروپ قائم کرلیا ہے، امریکہ میں پروٹسٹینٹ گروپ کے اندر تین ہزار فرقے ہیں۔ رومن کیتھولک گروپ میں بہت سے فرقے ہیں جن میں سے چند پوپ کو مانتے ہیں اور چند نہیں مانتے یا کم مانتے ہیں۔ کمیونزم میں بھی دو گروپ ہیں۔ روسی اور چینی۔ اور دونوں میں دل کی کدورت اپنی اپنی جگہ ہے۔ چین میں کبھی ماؤزے تنگ کا ڈنکا بجتا تھا۔ مگر اس کی بیوی عمر قید کا ٹنے پر مجبور کردی گئی تھی۔
Top