Dure-Mansoor - Al-A'raaf : 181
وَ مِمَّنْ خَلَقْنَاۤ اُمَّةٌ یَّهْدُوْنَ بِالْحَقِّ وَ بِهٖ یَعْدِلُوْنَ۠   ۧ
وَمِمَّنْ : اور سے۔ جو خَلَقْنَآ : ہم نے پیدا کیا اُمَّةٌ : ایک امت (گروہ) يَّهْدُوْنَ : وہ بتلاتے ہیں بِالْحَقِّ : حق کے ساتھ (ٹھیک) وَبِهٖ : اور اس کے مطابق يَعْدِلُوْنَ : فیصلہ کرتے ہیں
اور جن کو ہم نے پیدا کیا ان میں ایک جماعت ایسی ہے جو حق کے موافق ہدایت کرتے ہیں اور اسی کے موافق انصاف کرتے ہیں
(1) امام ابن جریر، ابن منذر اور ابو الشیخ نے ابن جریج (رح) سے روایت کیا کہ انہوں نے لفظ آیت ” وممن خلقنا امۃ یھدون بالھق “ کے بارے میں فرمایا کہ ہم کو یہ بات ذکر کی گئی کہ نبی ﷺ نے فرمایا یہ میری امت حق کے ساتھ حکم کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ فیصلے کرتے ہیں۔ اور (حق کے ساتھ کسی سے) لیتے ہیں اور حق کے ساتھ کسی کو دیتے ہیں۔ (2) امام عبد بن حمید، ابن جریر اور ابن منذر نے قتادہ (رح) سے روایت کیا کہ انہوں نے لفظ آیت ” وممن خلقنا امۃ یھدون بالحق “ کے بارے میں فرمایا کہ ہم کو یہ بات پہنچی ہے کہ اللہ کے نبی ﷺ فرمایا کرتے تھے جب اس کو پڑھتے تھے کہ یہ آیت تمہارے لئے ہے اور ایک قوم کو تم سے پہلے اس کی مثل دیا گیا تھا۔ (جیسے فرمایا) لفظ آیت ” وممن خلقنا امۃ یھدون بالحق وبہ یعدلون “۔ (3) امام ابن ابی حاتم نے ربیع (رح) سے روایت کیا کہ انہوں نے لفظ آیت ” وممن خلقنا امۃ یھدون بالھق “ کے بارے میں روایت کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ میری امت میں سے ایک قوم حق پر رہے گی یہاں تک کہ عیسیٰ بن مریم نازل ہوں گے جب وہ نازل ہوں گے۔ (4) امام ابو الشیخ نے علی بن ابی طالب ؓ سے روایت کیا کہ یہ امت تہتر فرقوں میں بٹ جائے گی ایک فرقہ کے سوا سب فرقے آگ میں ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں لفظ آیت ” وممن خلقنا امۃ یھدون بالحق وبہ یعدلون “ یہ وہ لوگ ہوں گے جو اس امت میں سے نجات پائیں گے۔
Top