Tafseer-e-Madani - An-Nahl : 45
اَفَاَمِنَ الَّذِیْنَ مَكَرُوا السَّیِّاٰتِ اَنْ یَّخْسِفَ اللّٰهُ بِهِمُ الْاَرْضَ اَوْ یَاْتِیَهُمُ الْعَذَابُ مِنْ حَیْثُ لَا یَشْعُرُوْنَۙ
اَفَاَمِنَ : کیا بےخوف ہوگئے ہیں الَّذِيْنَ : جن لوگوں نے مَكَرُوا : داؤ کیے السَّيِّاٰتِ : برے اَنْ : برے يَّخْسِفَ : دھنسا دے اللّٰهُ : اللہ بِهِمُ : ان کو الْاَرْضَ : زمین اَوْ : یا يَاْتِيَهُمُ : ان پر آئے الْعَذَابُ : عذاب مِنْ حَيْثُ : اس جگہ سے لَا يَشْعُرُوْنَ : وہ خبر نہیں رکھتے
تو کیا وہ لوگ جو بری چالیں چلتے ہیں (حق اور اہل حق کے خلاف، کیا وہ نڈر اور) بےخوف ہوگئے اس بات سے کہ اللہ دھنسا دے ان کو زمین میں ؟ یا آپہنچے ان پر عذاب جہاں سے اس کے آنے کا ان کو وہم و گمان بھی نہ ہو،
89۔ منکرین کے مطالبہ عذاب پر اظہار تعجب : سو ارشاد فرمایا گیا کہ بری چالیں چلنے والے لوگ نڈر اور بےخوف ہوگئے اس سے کہ اللہ ان کو دھنسا دے زمین میں۔ جیسا کہ اس نے دھنسایا قارون کو اس کے خزانوں سمیت۔ والعیاذ باللہ جل وعلا۔ اور اس کے علاوہ بھی مختلف قوموں کے ساتھ ایسے ہوچکا ہے۔ اس سے پہلے بھی اور اس کے بعد بھی۔ سو ایسے لوگوں کو بھی اس طرح کے کسی عذاب میں پکڑا جاسکتا ہے کہ کفروانکار اور حق اور اہل حق سے عداوت و دشمنی کے جس جرم میں وہ لوگ مبتلا تھے اسی میں یہ بھی مبتلا ہیں۔ سو جو انجام ان کا ہوا وہ ان کا بھی ہوسکتا ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ اور زمین میں دھنسا دینے کے ایسے ہولناک عذاب جو پہلے کی ان بدبخت قوموں پر آئے ہیں اور انکے بعد بھی آتے رہے اور اب تک جگہ جگہ اور طرح طرح سے آتے رہتے ہیں تو پھر یہ لوگ عذاب الہی سے اس طرح بےخوف اور اتنے لاپرواہ کیوں ہیں۔ اور اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ یہ لوگ اس کے مطالبات کس طرح کرتے ہیں۔ سو اس سے ان لوگوں پر اظہار تعجب بھی ہے اور اظہار ملامت بھی کہ ان کا رویہ ہے ہی ایسا، مگر ان کو اس کا شعور و احساس ہی نہیں۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ 90۔ عذاب بےگماں سے تحذیروتنبیہ : چناچہ ارشاد فرمایا گیا کہ یہ لوگ نڈر اور بےخوف ہیں اس سے کہ آپہنچے ان پر عذاب وہاں سے جہاں سے ان کو گمان بھی نہ ہو۔ جیسا کہ قوم لوط اور قوم عاد وغیرہ پر آیا۔ اور جیسا کہ آج بھی دنیا میں جگہ جگہ زلزلوں، سیلابوں اور دوسرے طرح طرح کے عذابوں کی شکل میں ہوتا رہتا ہے۔ اور ایسا کہ چند لمحوں اور سیکنڈوں میں شہروں کے شہر اجاڑ اور بیاباں ہو کر رہ جاتے ہیں۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ جیسے کچھ ہی عرصہ قبل امریکہ کی بعض ریاستوں میں ایسے زلزلے اور سیلاب آئے کہ کئی شہروں کو اجتماعی قبرستان قرار دے دیا گیا۔ اور جیسا کہ ترکی اور ایران میں آنے والے زلزلوں نے چند سیکنڈوں میں کئی شہروں کو اجاڑ کر رکھ دیا اور ہزاروں لوگ آنا فانا لقمہ اجل بن گئے۔ اور جیسا کہ چند ہی سال قبل روس میں چرنوبل کے ایٹمی پلانٹ کا حادثہ پیش آیا اور ایٹمی تابکاری اثرات پھیلنے سے ہزاروں انسان موت کے گھاٹ اتر گئے اور ہزاروں ہمیشہ کے لئے اپاہج اور معذور ہوگئے۔ اور جیسا کہ ہندوستان میں بھوپال کے شہر میں کارخانے سے زہریلی گیس لیک ہونے سے ہزاروں لوگ لقمہ اجل بن گئے اور ہزاروں ہمیشہ کے لئے معذور اور بیکار ہوگئے وغیرہ وغیرہ۔
Top