Tafseer-e-Madani - Al-A'raaf : 3
اِتَّبِعُوْا مَاۤ اُنْزِلَ اِلَیْكُمْ مِّنْ رَّبِّكُمْ وَ لَا تَتَّبِعُوْا مِنْ دُوْنِهٖۤ اَوْلِیَآءَ١ؕ قَلِیْلًا مَّا تَذَكَّرُوْنَ
اِتَّبِعُوْا : پیروی کرو تم مَآ اُنْزِلَ : جو نازل کیا گیا اِلَيْكُمْ : تمہاری طرف (تم پر) مِّنْ : سے رَّبِّكُمْ : تمہارا رب وَلَا تَتَّبِعُوْا : اور پیچھے نہ لگو مِنْ : سے دُوْنِهٖٓ : اس کے سوا اَوْلِيَآءَ : رفیق (جمع) قَلِيْلًا : بہت کم مَّا : جو تَذَكَّرُوْنَ : نصیحت قبول کرتے ہو
پیروری کرو تم (اے لوگو ! ) اس کتاب کی جو اتاری گئی تمہاری طرف، تمہارے رب کی جانب سے، اور مت پیچھے چلو تم لوگ اس کے سوا اور دوستوں کے، کم ہی نصیحت مانتے ہو تم لوگ2
6 نزول کتاب کا اصل تقاضا اتباع و پیروی : سو یہ ہے اصل تقاضا اس کتاب حکیم نازل فرمائے جانے کا کہ زندگی کے تمام دوائر میں صدق دل سے اس کی تعلیمات مقدسہ کی پیروی کی جائے کہ یہی راہ ہے حقیقی فوز و فلاح کی۔ نہ یہ کہ اس سے لاپرواہی برتیں اور محض زبانی کلامی عشق و محبت اور صدق و صفا کے دعوے کئے جائیں اور بس ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو اس کتاب حکیم کی تعلیمات مقدسہ کی اتباع و پیروی ہی وہ گوہر مقصود ہے جس میں فرد اور معاشرے سب کا بھلا ہے۔ اور جس سے انسان کو دنیاوی زندگی میں بھی امن و سکون ملتا ہے اور آخرت میں بھی سدا بہار کامیابی نصیب ہوتی ہے۔ اور { اِتّبِعُوا } کا حکم و ارشاد عام اور سب کو شامل ہے۔ سو منکرین و مخالفین اس نعمت کبریٰ کی قدر کرتے ہوئے اس پر صدق دل سے ایمان لائیں اور ایمان والے صرف زبانی کلامی دعوائے ایمان پر اکتفا نہ کرلیں بلکہ اس کی تعلیمات کی اتباع و پیروی کریں۔ 7 اللہ کے سوا اوروں کی پیروی نہیں کرنا : جو تم کو اس سے دور لے جائیں اور اس کی تعلیمات کے خلاف چلائیں۔ خواہ وہ جنوں میں سے ہوں یا انسانوں میں سے۔ (تفسیر القاسمی) اور خواہ وہ کیسے ہی سبز باغ کیوں نہ دکھائیں۔ بلکہ تم نے پیروی اپنے خالق ومالک کے احکام ہی کی کرنی ہے۔ (المراغی) ۔ پس جو من گھڑت اور خود ساختہ بتوں کو اپنا معبود اور کار ساز بنائے ہوئے ہیں وہ ان کو چھوڑ دیں۔ اور جنہوں نے انسانوں اور جنوں میں سے کچھ کو اپنا کارساز بنا رکھا ہے وہ ان سے باز آجائیں اور صرف اللہ وحدہٗ لاشریک کی طرف رجوع کریں۔ اسی کو اپنا کارساز جانیں۔ اسی کو حاجت روا و مشکل سمجھ کر پکاریں اور اسی کی نازل کردہ کتاب حکیم اور فرقان حمید کی تعلیمات مقدسہ کی پیروی کریں ۔ وَبِاللّٰہِ التَّوْفِیْقِ لِمَا یُحِبُّ وَیُرِیْدُ ۔ سو اللہ تعالیٰ کے سوا اور کارساز گھڑنا اور ان کی پیروی کرنا قرآنی تعلیمات کے یکسر خلاف ہے ۔ والعیاذ باللہ -
Top