Tafseer-e-Madani - Al-Insaan : 12
وَ جَزٰىهُمْ بِمَا صَبَرُوْا جَنَّةً وَّ حَرِیْرًاۙ
وَجَزٰىهُمْ : اور انہیں بدلہ دیا بِمَا صَبَرُوْا : ان کے صبر پر جَنَّةً : جنت وَّحَرِيْرًا : اور ریشمی لباس
اور ان کو سرفراز فرما دیا ہوگا اس نے (اپنی رحمت و عنایت سے) عظیم الشان جنت اور ریشمی لباس سے اس بناء پر کہ انہوں نے (زندگی بھر) صبر سے کام لیا (راہ حق و صواب پر)
17 راہ حق پر صبر و استقامت کا صلہ و بدلہ جنت اور اس کی نعیم مقیم : سو ارشاد فرمایا گیا کہ ان کا رب ان کو جنت اور ریشمی لباس سے نؤازے گا ۔ اس بناء پر کہ انہوں نے صبر و استقامت سے کام لیا اپنی دنیاوی زندگی میں۔ سو وہ زندگی بھر اس راہ حق و صواب پر قائم اور ثابت قدم رہے، اور اسی کے مطابق وہ تمام طاعات و عبادات بجا لاتے رہے، اور معاصی وذنوب سے اپنے مقدور کی حد تک بچتے رہے، اور مشکلات و مصائب پر صبر و ضبط سے کام لیتے رہے سو راہ حق صواب پر صبر و ثبات اور پختگی و استقامت فلاح و نجات کی شہ کلید ہے، اور اگر غور سے دیکھا جائے تو مومن کی پوری زندگی ہی از اول تا آخر صبر و ثبات اور اخلاص و استقامت ہی کی زندگی ہوتی ہے، وہ از اول تا آخر اسی فکر و کوشش میں ہوتا ہے کہ ہر اس بات سے چبے جس سے اس کے رب نے اس کو روکا ہے، اور ہر مرحلے اور ہر موڑ پر وہ ان حدود وقیود کی پابندی کرے، جو اس نے اس کیلئے مقرر فرمائی ہیں، اور وہ اس کے عائد کردہ فرائض کو بجا لائے، کہ یہ سب کچھ اس کے ایمان و یقین اور اس کی شان عبدیت و بندگی کا تقاضا ہے، وباللہ التوفیق لما یحب ویریدو علی مایحب ویرید۔ اللہ ہمیشہ اپنی رضا و خوشنودی کی راہوں پر گامزن رکھے، آمین۔
Top