Madarik-ut-Tanzil - Ar-Rahmaan : 7
وَ السَّمَآءَ رَفَعَهَا وَ وَضَعَ الْمِیْزَانَۙ
وَالسَّمَآءَ : اور آسمان رَفَعَهَا : اس نے بلند کیا اس کو وَوَضَعَ : اور قائم کردی۔ رکھ دی الْمِيْزَانَ : میزان
اور اسی نے آسمان کو بلند کیا اور ترازو قائم کی
آسمان مسکن ملائکہ : 7 : وَالسَّمَآ ئَ رَفَعَھَا (اور اسی نے آسمان کو اونچا کیا) بلند بنایا اور اونچا کیا اس انداز سے کہ اپنے احکامات کے بنانے کی جگہ اور اپنے فیصلوں کے صادر ہونے کا مقام اور ان ملائکہ کا مسکن بنادیا جو انبیاء (علیہم السلام) پر وحی لانے والے ہیں۔ اس سے اپنی شان کی کبریائی اور ملک و سلطنت کی عظمت کو لوگوں پر ظاہر کیا۔ وَوَ ضَعَ الْمِیْزَانَ (اور اسی نے دنیا میں ترازو رکھ دی) المیزانؔ ہر وہ چیزجس سے اشیاء کا وزن کیا جاتا ہے اور ان کی مقداریں مقرر کی جاتی ہیں مثلاً میزان، قرسطون، مکیال، مقیاس وغیرہ۔ مطلب یہ ہے میزان کو زمین پر رکھا ہوا اس نے پیدا کیا کہ اس کے ساتھ بندوں کے مابین برابری اور لین دین میں اعتدال کے احکامات کو اس سے معلق کردیا۔
Top