Mazhar-ul-Quran - Maryam : 59
فَخَلَفَ مِنْۢ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ اَضَاعُوا الصَّلٰوةَ وَ اتَّبَعُوا الشَّهَوٰتِ فَسَوْفَ یَلْقَوْنَ غَیًّاۙ
فَخَلَفَ : پھر جانشین ہوئے مِنْۢ بَعْدِهِمْ : ان کے بعد خَلْفٌ : چند جانشین (ناخلف) اَضَاعُوا : انہوں نے گنوادی الصَّلٰوةَ : نماز وَاتَّبَعُوا : اور پیروی کی الشَّهَوٰتِ : خواہشات فَسَوْفَ : پس عنقریب يَلْقَوْنَ : انہیں ملے گی غَيًّا : گمراہی
پھر ان کے بعد (بعضے) ایسے ناخلف ان کے جانشین ہوئے جنہوں نے نمازوں کو ضائع کیا اور اپنی نفسانی خواہشوں کے پیچھے پڑگئے۔ پس وہ عقریب (آخرت میں) گمراہی کی سزا پائیں گے
اس آیت میں فرمایا کہ ان نیک لوگوں کی جگہ ایسے ناخلف آئے کہ نماز جیسی چیز کو جس کی ہر ایک شریعت میں تاکید ہے، انہوں نے یا تو بلکل چھوڑ دیا، یا بعضوں نے اس کو ادا بھی کیا تو شریعت کے حکم کے موافق ادا نہیں کیا۔ اور دنیا کے عیش و آرام کے پیچھے ایسے سرگرداں ہوئے کہ نیک کاموں کے کرنے اور برے کاموں سے بچنے کی کچھ پرواہ نہ کی۔ پھر فرمایا ایسے لوگ عقبیٰ میں بڑا نقصان اٹھاویں گے۔ ہاں ان میں سے جو لوگ عقبیٰ کی باتوں کا پورا یقین کر کے اپنے پچھلے گناہوں سے توبہ کریں ، اور آگے کو نیک عمل کریں تو وہ بہشت میں جاویں گے، اور ان کے نیک عملوں کی جزا میں کچھ کمی نہ کی جائے گی ۔ صحیح مسلم میں حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے جس میں رسول اللہ ﷺ نے بےوقت کی نماز کو مردہ نماز فرمایا ہے۔ ان حدیثوں کو آیت کے ساتھ ملانے سے مطلب یہ ہوا کہ رکوع سجدہ اچھی طرح نہ کرنے کی نماز اور بےوقت کی نماز اضاعوا الصلوٰۃ کے حکم میں داخل ہے۔
Top