Tafseer-e-Madani - Saad : 37
وَ الشَّیٰطِیْنَ كُلَّ بَنَّآءٍ وَّ غَوَّاصٍۙ
وَالشَّيٰطِيْنَ : اور دیو (جنات) كُلَّ : تمام بَنَّآءٍ : عمارت بنانے والے وَّغَوَّاصٍ : اور غوطہ مارنے والا
اور جنوں کو بھی (ان کے تابع کردیا تھا) یعنی ہر معمار اور غوطہ خور کو
52 حضرت سلیمان کے لیے جنوں کی تسخیر کی عنایت کا ذکر : سو ارشاد فرمایا گیا کہ جنوں کو بھی ہم نے انکے تابع کردیا تھا۔ سو تسخیر ہوا کے ساتھ ساتھ تسخیر جنات کی عنایت ایک اور بڑی عنایت تھی جس سے قدرت کی طرف سے حضرت سلیمان کو بطور خاص نوازا گیا تھا۔ اور وہ آپ (علیہ السلام) کے لئے اس طرح کی مختلف خدمات انجام دیا کرتے تھے۔ مثلاً بڑی بڑی عمارتیں بنانا، محلات تعمیر کرنا اور پل بنانا وغیرہ وغیرہ۔ یہ سب کچھ وہ اپنی غیر معمولی قوتوں کی بنا پر بہت تھوڑے عرصے اور قلیل مدت میں پورا کرلیا کرتے تھے۔ سو ہوا پر کنٹرول کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل و کرم سے جنوں کو حضرت سلیمان کے تابع کردیا تھا جن سے آپ طرح طرح کے کام لیتے تھے۔ شیاطین سے یہاں پر مراد شیاطینِ جن ہیں۔ سو اس سے معلوم ہوا کہ حضرت سلیمان صرف شیاطین اور سرکش جنوں ہی سے یہ کام لیا کرتے تھے۔ صالحین سے تعرض نہیں کیا کرتے تھے۔
Top