Tafseer-e-Madani - Al-Hajj : 31
حُنَفَآءَ لِلّٰهِ غَیْرَ مُشْرِكِیْنَ بِهٖ١ؕ وَ مَنْ یُّشْرِكْ بِاللّٰهِ فَكَاَنَّمَا خَرَّ مِنَ السَّمَآءِ فَتَخْطَفُهُ الطَّیْرُ اَوْ تَهْوِیْ بِهِ الرِّیْحُ فِیْ مَكَانٍ سَحِیْقٍ
حُنَفَآءَ لِلّٰهِ : اللہ کے لیے یک رخ ہوکر غَيْرَ : نہ مُشْرِكِيْنَ : شریک کرنے والے بِهٖ : اس کے ساتھ وَمَنْ : اور جو يُّشْرِكْ : شریک کرے گا بِاللّٰهِ : اللہ کا فَكَاَنَّمَا : تو گویا خَرَّ : وہ گرا مِنَ السَّمَآءِ : آسمان سے فَتَخْطَفُهُ : پس اسے اچک لے جاتے ہیں الطَّيْرُ : پرندے اَوْ : یا تَهْوِيْ : پھینک دیتی ہے بِهِ : اس کو الرِّيْحُ : ہوا فِيْ : میں مَكَانٍ : کسی جگہ سَحِيْقٍ : دور دراز
اس طور پر کہ تم خاص اللہ کے ہو کر رہو اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ کہ شرک بغاوت اور ناقابل معافی جرم ہے اور جس نے شرک کیا اللہ کے ساتھ تو وہ گویا گرگیا آسمان کی بلندیوں سے اور اس کو بوٹی بوٹی کرکے اچک لیا پرندوں نے یا اس کو پھینک دیا ہوا نے کسی ایسی دور دراز جگہ میں جہاں اس کے چیتھڑے اڑ جائیں
66 شرک کی ہلاکت و تباہی کی ایک واضح اور عبرتناک تمثیل : سو مشرک آسمان توحید کی بلندیوں سے گر کر شرک کے قعر مذلت میں اس بری طرح سے اوندھے جا پڑتا ہے کہ خواہشات نفس مردار خور پرندوں کی طرح اس کی بوٹیاں نوچ نوچ کر کھاتی ہیں۔ اور اس کو گھسیٹ گھسیٹ کر کبھی کسی کھڈے میں جا گراتی ہیں اور کبھی کسی میں۔ اور یہ جگہ جگہ اور طرح طرح سے ذلتوں پر ذلتیں اٹھاتا ہے۔ اور دوسری طرف شیطانی اوہام و وس اس اور شکوک و شبہات کی تند و تیز ہوائیں اس کو دور دراز کی کبھی کسی وادی میں اور کبھی کسی گھاٹی میں اس بری طرح پٹختی ہیں کہ اس کے چیتھڑے اڑ جاتے ہیں اور یہ نور حق و ہدایت سے کلی طور پر محروم ہو کر دائمی ہلاکت و تباہی کے ہاوئے میں جا گرتا ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو یہ مشرک کی زبوں حالی اور اس کی ہلاکت و تباہی کی ایک بڑی واضح اور موثر تمثیل ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو آدمی شرک کا ارتکاب کر کے اپنے مرکز سے کٹ جاتا ہے اور جب وہ مرکز سے کٹ گیا ۔ والعیاذ باللہ ۔ تو پھر کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ وہ کس شیطان کے ہتھے چڑھ کر ہلاکت و تباہی کے کس گہرے کھڈے میں جا گرتا ہے۔ وہ ایک بےلنگر کے جہاز کی طرح ہوجاتا ہے جو ہر چٹان سے ٹکراتا ہے۔ وہ ایک کٹی ہوئی پتنگ کی طرح ہوجاتا ہے جس کو ہوا اڑا کر جگہ جگہ پٹختی ہے۔ سو توحید سے محرومی کے بعد انسان اسی طرح جگہ جگہ ذلیل و خوار ہوتا ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ اللہ تعالیٰ شرک کے ہر شائبے سے ہمیشہ محفوظ اور اپنی پناہ میں رکھے ۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین۔
Top