Tafseer-e-Mazhari - Aal-i-Imraan : 86
كَیْفَ یَهْدِی اللّٰهُ قَوْمًا كَفَرُوْا بَعْدَ اِیْمَانِهِمْ وَ شَهِدُوْۤا اَنَّ الرَّسُوْلَ حَقٌّ وَّ جَآءَهُمُ الْبَیِّنٰتُ١ؕ وَ اللّٰهُ لَا یَهْدِی الْقَوْمَ الظّٰلِمِیْنَ
كَيْفَ : کیونکر يَهْدِي : ہدایت دے گا اللّٰهُ : اللہ قَوْمًا كَفَرُوْا : ایسے لوگ جو کافر ہوگئے بَعْدَ : بعد اِيْمَانِهِمْ : ان کا (اپنا) ایمان وَشَهِدُوْٓا : اور انہوں نے گواہی دی اَنَّ : کہ الرَّسُوْلَ : رسول حَقٌّ : سچے وَّجَآءَ : اور آئیں ھُمُ : ان الْبَيِّنٰتُ : کھلی نشانیاں وَاللّٰهُ : اور اللہ لَايَهْدِي : ہدایت نہیں دیتا الْقَوْمَ : لوگ الظّٰلِمِيْنَ : ظالم (جمع)
خدا ایسے لوگوں کو کیونکر ہدایت دے جو ایمان لانے کے بعد کافر ہوگئے اور (پہلے) اس بات کی گواہی دے چکے کہ یہ پیغمبر برحق ہے اور ان کے پاس دلائل بھی آگئے اور خدا بے انصافوں کو ہدایت نہیں دیتا
كَيْفَ يَهْدِي اللّٰهُ : یعنی اللہ جنت کا راستہ کیسے دکھائے گا۔ یہ استفہام انکاری ہے یعنی اللہ ان کو جنت کی ہدایت نہیں کرے گا ان کا ہدایت یاب ہونا بہت بعید ہے۔ قَوْمًا كَفَرُوْا بَعْدَ اِيْمَانِهِمْ : ایسے لوگوں کو جو ایمان لانے کے بعد کافر ہوگئے۔ جیسے بارہ آدمیوں نے کیا۔ وَشَهِدُوْٓا اَنَّ الرَّسُوْلَ حَقٌّ : اور جو رسول کے حق ہونے کی شہادت دینے کے بعد کافر ہوگئے (ا اللہ ان کو ہدایت نہیں کرے گا) شھدوا اگرچہ فعل ہے لیکن مصدری معنی مراد ہے جیسے تَسْمَعُ بالْمُعِیْدِیْ خَیْرٌ مِّنْ اَتَراہ میں تَسْمَع فعل بمعنی مصدر ہے معیدی کا ذکر سننا اس کو دیکھنے سے بہتر ہے یا ایمانِھِم میں ایمان (مصدر) ہونے کے باوجود اپنے اندر فعل کے معنی رکھتا ہے۔ اس لیے شھدوا کا عطف اس پر کردیا گیا یعنی ایسے لوگوں کو اللہ جنت کا راستہ نہیں بتائے گا جو ایمان لا چکے تھے اور حقانیت رسول کی شہادت دے چکے تھے اس کے بعد کافر ہوگئے یہ بھی ہوسکتا ہے کہ شھدوا سے پہلے لفظ زمان محذوف قرار دیا جائے یہ بھی ممکن ہے کہ شھدوا کا عطف کفروا پر ہو (شہادت رسالت اگرچہ کفر سے پہلے تھی لیکن) عطف بالواؤ میں ترتیب واقعی کی مطابقت ضروری نہیں۔ یا شھدوا حال ہے اور قَدْ محذوف ہے۔ بہر حال اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ زبان سے اقرار رسالت کرنا ہی ایمان کی حقیقت میں داخل نہیں۔ (اسی لیے تو شھدوا کا عطف ایمانھم پر کیا ہے، معطوف معطوف علیہ سے غیر ہوتا ہے) وَّجَاۗءَھُمُ الْبَيِّنٰتُ : بینات سے مراد ہیں روشن دلائل جیسے قرآن اور تمام معجزات۔ وَاللّٰهُ لَايَهْدِي الْقَوْمَ الظّٰلِمِيْنَ : اور اللہ کافروں کو جنت کی راہ پر نہیں لے جائے گا۔
Top