Tafseer-e-Saadi - At-Tawba : 128
لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ عَزِیْزٌ عَلَیْهِ مَا عَنِتُّمْ حَرِیْصٌ عَلَیْكُمْ بِالْمُؤْمِنِیْنَ رَءُوْفٌ رَّحِیْمٌ
لَقَدْ جَآءَكُمْ : البتہ تمہارے پاس آیا رَسُوْلٌ : ایک رسول مِّنْ : سے اَنْفُسِكُمْ : تمہاری جانیں (تم) عَزِيْزٌ : گراں عَلَيْهِ : اس پر مَا : جو عَنِتُّمْ : تمہیں تکلیف پہنچے حَرِيْصٌ : حریص (بہت خواہشمند) عَلَيْكُمْ : تم پر بِالْمُؤْمِنِيْنَ : مومنوں پر رَءُوْفٌ : انتہائی شفیق رَّحِيْمٌ : نہایت مہربان
(لوگو) تمہارے پاس تم ہی میں سے ایک پیغمبر آئے ہیں۔ تمہاری تکلیف انکو گراں معلوم ہوتی ہے اور تمہاری بھلائی کے بہت خواہشمند ہیں۔ (اور) مومنوں پر نہایت شفقت کرنیوالے (اور) مہربان ہیں۔
آیت : (128-129) اللہ تبارک و تعالیٰ اپنے اہل ایمان بندوں پر انے احسان کا ذکر کرتا ہے کہ اس نے ان کے اندر نبی امی ﷺ کو مبعوث فرمایا جو خود ان میں سے ہیں وہ آپ کا حال جانتے ہیں ‘ وہ آپ سے اخذ کرنے کی قدرت رکھتے ہیں اور آپ کی اطاعت کرنے کو ناپسند نہیں کرتے اور خود رسول اللہ ﷺ ان کے بےانتہا خیر خواہ اور ان کے مصالح کے لئے کوشش کرنے والے ہیں۔ (عیز علیہ ماعنھم) ” تمہاری تکلیف ان پر گراں گزرتی ہے۔ “ یعنی آپ ﷺ پر ہر وہ معاملہ بہت شاق گزرتا ہے جو تم پر شاق گزرتا ہے اور تمہیں تکلیف میں مبتلا کرتا ہے۔ (حریض علیکم) ” حریض ہیں تمہاری بھلائی پر “ پس آپ ﷺ تمہارے لئے بھلائی پسند کرتے ہیں اور تمہیں بھلائی تک پہنچانے کے لئے بھرپور کوشش کرتے ہیں ‘ ایمان تک تمہاری راہ نمائی کے خواہش مند ہیں۔ آپ شر کو سخت ناپسند کرتے ہیں اور شر سے تمہیں نفرت دلانے کے لئے پوری کوشش صرف کرتے ہیں۔ (بالمومنین رؤف رحیم) ” اور مومنوں پر نہایت شفقت کرنے ولاے مہربان ہیں۔ “ یعنی اہل ایمان کے لئے انتہائی رافت و رحمت کے حامل ہیں بلکہ وہ مومنوں کے لئے ان کے ماں باپ سے بھی بڑھ کر رحیم ہیں۔ بنا بریں آپ کا ھق تمام مخلوق پر فائق اور مقدم ہے۔ آپ ﷺ پر ایمان لانا ‘ آپ کی تعظم کرنا ‘ آپ کی عزت و توقیر کرنا تمام امت پر فرض ہے۔ (فان) ” پس اگر “ وہ ایمان لے آئیں تو یہ ان کی خوش نصیبی اور توفیق الٰہی ہے۔ اور اگر وہ (تولوا) ” پھرجائیں۔ “ یعنی ایمان و عمل سے روگردانی کریں تو آپ ﷺ اپنے راستے پر گامزن رہیں اور ان کو دعوت دیتے رہیں۔ (فقل حسبی اللہ) ” اور کہہ دیں ! کہ (تمام امور میں) میرے لئے الہ کافی ہے۔ “ (لا الا الا ھو) ” اس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ “ (علیہ توکلت) ” میں نے اسی پر توکل کیا۔ “ یعنی امور نافعہ کے حصول اور ضرر رساں امور کو دور ہٹانے کے لئے ‘ میں اسی پر اعتماد اور بھروسہ کرتا ہوں (وھو رب العرش العظیم) ” اور وہی عرش عظیم کا رب ہے۔ “ یعنی جب اللہ تعالیٰ اس عظیم عرش کا رب ہے جو تمام مخلوقات پر سایہ کناں ہے تو عرش سے کم تر مخلوق کا رب ہونا اولیٰ اور احریٰ ہے۔
Top