Urwatul-Wusqaa - Aal-i-Imraan : 138
هٰذَا بَیَانٌ لِّلنَّاسِ وَ هُدًى وَّ مَوْعِظَةٌ لِّلْمُتَّقِیْنَ
ھٰذَا : یہ بَيَانٌ : بیان لِّلنَّاسِ : لوگوں کے لیے وَھُدًى : اور ہدایت وَّمَوْعِظَةٌ : اور نصیحت لِّلْمُتَّقِيْنَ : پرہیزگاروں کے لیے
یہ (لوگوں کی فہم و بصیرت کیلئے) ایک بیان ہے اور ان لوگوں کیلئے جو متقی ہیں ہدایت اور موعظت ہے
گزشتہ پر افسوس کرنے کی بجائے آئندہ کے لیے احتیاط ضروری ہے : 211: مطلب یہ ہے کہ اس واقعہ کی حقیقت کھول کھول کر ہم نے تمہارے سامنے رکھ دی ہے اور اس کا بیان تم کو بار بار اس لیے سنایا جا رہا ہے کہ آئندہ ایسی حرکت تم سے سرزد نہ ہو اور اس سے وہی لوگ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں جو بھلائی کی راہ چلنے کے لیے تیار ہوں اور گزشتہ پر افسوس کرنے کی بجائے آئندہ کے لیے احتیاط کرنے کی تلقین کو قبول کرنے والے ہوں۔ جب بھی کوئی بات کی جاتی ہے تو اس کو سب لوگ سنتے ہیں لیکن جب وقت آتا ہے تو وہ کام صرف انہی لوگوں کے آتی ہے جو اس کے مطابق عمل کرتے ہیں اور جو سنی اَن سنی کردیتے ہیں ان کے لیے وہ بات کبھی فائدہ مند ثابت نہیں ہوتی۔ اس لیے جو ہدایات تم کو دی جا رہی ہیں اور آپ سب لوگ ان کو بگوش ہوش سن رہے ہو ان سے نصیحت وہی حاصل کرسکیں گے جو متقین یعنی ان ہدایات کے مطابق عمل کرنے والے ہوں گے۔
Top