Tafseer-e-Madani - Saad : 88
وَ لَتَعْلَمُنَّ نَبَاَهٗ بَعْدَ حِیْنٍ۠   ۧ
وَلَتَعْلَمُنَّ : اور تم ضرور جان لو گے نَبَاَهٗ : اس کا حال بَعْدَ : بعد حِيْنٍ : ایک وقت
اور تم لوگوں کو اس کی حقیقت خود ہی معلوم ہوجائے گی کچھ ہی عرصہ کے بعد3
93 انجام کی تذکیر و یاددہانی : سو منکروں کو ان کے انجام و تذکیر کی یاددہانی کراتے ہوئے ارشاد فرمایا گیا کہ تم لوگوں کو اس کی حقیقت خود ہی معلوم ہوجائے گی کچھ ہی عرصہ کے بعد جبکہ دنیوی زندگی کی یہ فرصت محدود ختم ہوجائے گی۔ موت کا دیو اپنے خونین پنجے گاڑنے کو آپہنچے گا اور تمہاری آنکھوں سے غفلت کے یہ دبیز اور سیاہ پردے ہٹ جائیں گے جو آج ان پر پڑے ہوئے ہیں ۔ { فَکَشَفْنَا عَنْکَ غِطَائَکَ فَبَصُرکَ الْیَوْمَ حَدِیْدٌ } ۔ (ق : 22) مگر اس وقت کے اس جاننے کا کوئی فائدہ تم کو نہیں ہوگا سوائے حسرت و یاس میں اضافے کے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو اس میں منکرین کے لیے بڑی تنبیہ ہے کہ اگر تم لوگ اس کا انکار ہی کرتے گئے تو اس کا بھگتان تم لوگوں کو بہرحال بھگتنا ہوگا۔ یہ رب العالمین کی طرف سے ایک عظیم الشان تذکیر و یاددہانی ہے اور جن حقائق کی خبر یہ کلام حق ترجمان دے رہا ہے وہ جلد ہی تمہارے سامنے آجائیں گے۔ تمہارے لیے بہتری اسی میں ہے کہ آج حق کو اپنا لو اور صدق دل سے اپنا لو۔ ورنہ تمہارے لیے ہمیشہ ہمیش کا وہ خسارہ اور پچھتاوا ہے جس سے گلو خلاصی اور اس کی تلافی وتدارک کی کوئی صورت تمہارے لیے ممکن نہ ہوگی ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top