Mutaliya-e-Quran - At-Tahrim : 2
قَدْ فَرَضَ اللّٰهُ لَكُمْ تَحِلَّةَ اَیْمَانِكُمْ١ۚ وَ اللّٰهُ مَوْلٰىكُمْ١ۚ وَ هُوَ الْعَلِیْمُ الْحَكِیْمُ
قَدْ فَرَضَ اللّٰهُ : تحقیق فرض کیا اللہ نے لَكُمْ : تمہارے لیے تَحِلَّةَ : کھولنا اَيْمَانِكُمْ : تمہاری قسموں کا وَاللّٰهُ مَوْلٰىكُمْ : اور اللہ تعالیٰ مولا ہے تمہارا وَهُوَ الْعَلِيْمُ : اور وہ علم والا ہے الْحَكِيْمُ : حکمت والا ہے
اللہ نے تم لوگوں کے لیے اپنی قسموں کی پابندی سے نکلنے کا طریقہ مقرر کر دیا ہے اللہ تمہارا مولیٰ ہے، اور وہی علیم و حکیم ہے
[قَدْ فَرَضَ اللّٰهُ لَكُمْ : فرض کردیا ہے اللہ نے آپ لوگوں کے لیے ] [تَحِلَّةَ اَيْمَانكُمْ : اپنی قسموں کا کفارہ ادا کرنے کو ] [وَاللّٰهُ مَوْلٰىكُمْ : اور اللہ ہی آپ لوگوں کا کارساز ہے ] [وَهُوَ الْعَلِيْمُ الْحَكِيْمُ : اور وہ ہی جاننے والا ہے حکمت والا ہے ] نوٹ۔ 1: حضرت عائشہ روایت کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کا معمول تھا کہ عصر کے بعد تمام ازواج مطہرات کے پاس چکر لگاتے تھے۔ ایک موقعہ پر آپ حضرت زینب کے ہاں زیادہ دیر تک بیٹھنے لگے، کیونکہ ان کے ہاں کہیں سے شہد آیا ہوا تھا اور آپ وہاں سہد کا شربت نوش فرماتے تھے۔ حضرت عائسہ کا بیان ہے کہ مجھ کو اس پر رشک آیا اور میں نے حضرت حفصہ، حضرت سودہ اور حضرت صفیہ سے مل کر یہ طے کیا کہ ہم میں سے جس کے پاس بھی آپ آئیں وہ آپ سے یہ کہے کہ آپ کے منہ سے مغافیر کی بو آتی ہے۔ مغافیر ایک قسم کا پھول ہوتا ہے جس میں کچھ ساند ہوتی ہے اور اگر شہد کی مکھی اس سے شہد حاصل کرے تو اس کے اندر بھی اس ساند کا اثر آجاتا ہے۔ جب متعدد بیویوں نے یہ کہا تو آپ نے یہ عہد کرلیا اب یہ شہد استعمال نہیں کریں گے۔ (تفہیم القرآن) آیت۔ 1 میں اسی کی طرف اشارہ ہے۔ نوٹ۔ 2: اوپر کی آیت میں خطاب صرف نبی ﷺ سے تھا جبکہ آیت۔ 2 ۔ میں عام مسلمانوں سے خطاب ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کو ٹوکنے سے اصل مقصود یہ تھا کہ اس کے سبب سے امت کسی غلط فہمی میں مبتلا نہ ہو۔ چناچہ اس آیت میں تمام مسلمانوں کو خطاب کر کے فرمایا گیا کہ اگر تم میں سے کوئی شخص اپنے اوپر کسی جائز چیز کو حرام کرنے کی قسم کھا بیٹھے تو اللہ نے اس کے لیے یہ ضروری ٹھہرایا ہے کہ وہ اس قسم کو توڑ دے۔ اور کفارہ کا حکم المائدہ کی آیت۔ 89 ۔ میں بیان ہوچکا ہے۔ (تدبر قرآن)
Top