Tafseer-e-Madani - Al-Insaan : 3
اِنَّا هَدَیْنٰهُ السَّبِیْلَ اِمَّا شَاكِرًا وَّ اِمَّا كَفُوْرًا
اِنَّا : بیشک ہم هَدَيْنٰهُ : ہم نے اسے دکھائی السَّبِيْلَ : راہ اِمَّا : خواہ شَاكِرًا : شکر کرنے والا وَّاِمَّا : اور خواہ كَفُوْرًا : ناشکرا
ہم نے اس کو راستہ بتادیا (پھر اس کی مرضی) خواہ وہ شکر گزار بنے خواہ ناشکرا2
7 انسان کیلئے نور حق و ہدایت کا ذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا اور ہم نے اس کو راستہ دکھایا۔ یعنی صرف عقل و فکر کی روشنی بخشنے پر ہی اکتفا نہیں کیا، بلکہ اس کو وحی اور ہدایت کی روشنی سے بھی سرفراز فرمایا، کہ تنہا عقل کی روشنی منزل مقصود تک پہنچنے کیلئے کافی نہیں، بلکہ وحی اور ہدایت کی روشنی کے بغیر محض عقل و خرد کی روشنی تو انسان کو بسا اوقات اور بھی زیادہ ورطہ حیرت و ضلالت میں پھنشا دیتی ہے، سو جس طرح ظاہری راستہ معلوم کرنے کیلئے آنکھوں کی روشنی کے ساتھ ساتھ سورج وغیرہ کی کسی بیرونی روشنی کا ہونا بھی ضروری ہوتا ہے، اسی طرح حق کے ادراک اور اس تک رسائی اور اس سے سرفرازی کیلئے عقل و فکر کے ساتھ ساتھ وحی کی روشنی بھی ضروری اور انتہائی ضروری ہے، اس کے بغیر راہ حق و ہدایت سے سرفراز ہونا ممکن نہیں۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ اسی بناء پر ہم نے انسان کو عقل و فکر کی عظیم الشان روشنی سے نؤازا اور وحی کے عظیم الشان نور سے بھی سرفراز فرمایا۔ پس جنہوں نے عقل و فکر کی روشنی کے ساتھ ساتھ ہدایت و وحی کی روشنی کو بھی اپنایا وہ نور علی نور کا مصداق بن کر انسانی ترقی کی معراج کو پہنچ گئے، اور ایسے اور اس حد تک اونچے چلے گئے کہ حاملین عرش فرشتے بھی ان کیلئے دعائیں کرتے ہیں، جیسا کہ سورة مومن کی آیات نمبر 7 تا 9 میں اس کی تصریح فرمائی گئی، اور تفصیل بیان فرمائی گئی ہے۔ سو ایسے خوش نصیب لوگ ہوتے تو خاکی ہیں، اور رہتے فرش زمین پر ہیں، لیکن وہ ہوتے ایسی عظیم اور بےمثال شان کے مالک ہیں کہ اللہ کی نوری مخلوق اور اس کے حاملین عرش بھی ان کیلئے ایسی عظیم الشان اور پاکیزہ دعائیں کرتے ہیں جبکہ نور حق و ہدایت سے منہ موڑنے والے ایسے اوندھے اور اندھے ہوجاتے ہیں کہ اسفل السافلین یعنی سب نیچوں سے نیچ بن کر رہ جاتے ہیں۔ اور ایسے اور اس حد تک کہ وہ اپنے خالق حقیقی کی عبادت و بنڈگی کے مشرف سے محروم ہو کر اپنی ہی جیسی مخلوق، بلکہ اس سے بھی رذیل چیزوں کی بندگی و پوجا میں لگ کر اپنی تحقیر و تذلیل اور ہلاکت و بربادی کا سامان خود کرتے ہیں۔ والعیاذ باللہ العظیم۔
Top