Tafseer-e-Mazhari - Al-A'raaf : 35
یٰبَنِیْۤ اٰدَمَ اِمَّا یَاْتِیَنَّكُمْ رُسُلٌ مِّنْكُمْ یَقُصُّوْنَ عَلَیْكُمْ اٰیٰتِیْ١ۙ فَمَنِ اتَّقٰى وَ اَصْلَحَ فَلَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَ
يٰبَنِيْٓ اٰدَمَ : اے اولاد آدم اِمَّا : اگر يَاْتِيَنَّكُمْ : تمہارے پاس آئیں رُسُلٌ : رسول مِّنْكُمْ : تم میں سے يَقُصُّوْنَ : بیان کریں (سنائیں) عَلَيْكُمْ : تم پر (تمہیں) اٰيٰتِيْ : میری آیات فَمَنِ : تو جو اتَّقٰى : ڈرا وَاَصْلَحَ : اور اصلاح کرلی فَلَا خَوْفٌ : کوئی خوف نہیں عَلَيْهِمْ : ان پر وَلَا هُمْ : اور نہ وہ يَحْزَنُوْنَ : غمگین ہوں گے
اے نبی آدم! (ہم تم کو یہ نصیحت ہمیشہ کرتے رہے ہیں کہ) جب ہمارے پیغمبر تمہارے پاس آیا کریں اور ہماری آیتیں تم کو سنایا کریں (تو ان پر ایمان لایا کرو) کہ جو شخص (ان پر ایمان لا کر خدا سے) ڈرتا رہے گا اور اپنی حالت درست رکھے گا تو ایسے لوگوں کو نہ کچھ خوف ہوگا اور نہ وہ غمناک ہوں گے
یبنی ادم اما یاتینکم رسل منکم یقصون علیکم ایتی فمن اتقی واصلح فلا خوف علیہم ولا ہم یحزنون اے اولاد آدم جب تمہارے پاس (میرے) پیغمبر آئیں گے جو تم میں سے ہوں گے (اور) تم سے میرے احکام بیان کریں گے سو جو لوگ پرہیز رکھیں گے اور درستی کریں گے ان کو کچھ اندیشہ نہ ہوگا نہ وہ غمگین ہوں گے۔ ایموقا میں ما زائد ہے جس کو تاکید شرط کے لئے زیادہ کیا گیا۔ لفظ اِنْجو شک کے لئے آتا ہے (باوجودیکہ پیغمبروں کا آنا یقینی تھا) اسی لئے استعمال کیا گیا کہ پیغمبروں کو بھیجنا اللہ کے ذمہ واجب نہیں۔ اللہ پر کوئی چیز بھی واجب نہیں ( کسی کا اس پر کوئی لازمی واجب الادا حق نہیں جب ہوش و حواس عقل و فہم اور تمام علمی و عملی طاقتیں عطا فرما دیں اور انفسی ‘ آفاقی ‘ داخلی اور خارجی دلیلیں قائم کردیں تو سوچ سمجھ کر افکار و اعمال کی درستی سب پر واجب ہوگئی ہدایت نامے اور انبیاء کی بعثت ضروری نہیں رہی مگر اللہ نے اپنی مہربانی سے کتابیں اور پیغمبر بھیجے) ۔ منکم یعنی آدمیوں سے اٰیاتی یعنی اللہ کی کتابوں کی آیات۔ فمن اتقی یعنی جو شخص شرک اور تکذیب انبیاء سے بچتا رہا۔ واصلح یعنی اس نے اپنے اعمال کو درست کرلیا اور اللہ کے حکم کے مطابق خالص اللہ ہی کی خوشنودی کے لئے کام کئے۔ فلا خوف یعنی قبر میں اور قیامت کے دن جب دوسرے لوگوں کو خوف ہوگا ان کو کوئی خوف نہ ہوگا۔ ولا ہم یحزنون یعنی جب دوزخ کے اندر دوسرے لوگ حزن میں مبتلا ہوں گے (اور گزشتہ زندگی تباہ کرنے کا ان کو غم ہوگا) ان کو کوئی غم نہ ہوگا۔
Top