Tafseer-e-Madani - An-Nahl : 42
الَّذِیْنَ صَبَرُوْا وَ عَلٰى رَبِّهِمْ یَتَوَكَّلُوْنَ
الَّذِيْنَ : وہ لوگ جو صَبَرُوْا : انہوں نے صبر کیا وَ : اور عَلٰي رَبِّهِمْ : اپنے رب پر يَتَوَكَّلُوْنَ : بھروسہ کرتے ہیں
(سو ان وعدوں کے مستحق وہ لوگ ہیں) جنہوں نے صبر سے کام لیا، اور وہ (ہر حال میں) اپنے رب ہی پر بھروسہ رکھتے ہیں،
84۔ صبر واستقامت وسیلہ سرخروئی وسعادت : سو ارشاد فرمایا گیا کہ جنہوں نے صبر سے کام لیاراہ حق وصواب پر اور اس راہ میں پیش آنے والے مصائب و مشکلات پر اور انہوں نے اپنے ہی رب پر بھروسہ رکھا وہی مستحق ہیں ان وعدوں اور ان انعامات کے۔ سو صبر واستقامت اور اپنے رب پر بھروسہ وتوکل شہ کلید ہے دارین کی سعادت و سرخروئی کی اگرچہ ہجرت کے یہ فضائل و برکات ہر زمانے کے مہاجرین کے لئے ہیں اور الفاظ کا عموم ان سب ہی کو شامل ہے۔ لیکن اس کے اولین اور سب سے اہم مصداق حضور ﷺ کے وہ صحابہ کرام ہیں جنہوں نے اپنے دین کے لئے اور اپنے رب کی رضاء کی خاطر مکہ مکرمہ سے مدینہ طیبہ کی طرف ہجرت کی۔ (معارف القرآن للکاندھلوی (رح) بہرکیف راہ حق و ہدایت پر صبر واستقامت بڑی عظیم الشان اور دارین کی سعادت سے سرفراز کرنے والے چیز ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اور ہر حال میں راہ حق پر مستقیم وثابت قدم رکھے۔ آمین۔ 85۔ اللہ ہی پر بھروسہ رکھنے کی تعلیم و تلقین : سو ارشاد فرمایا گیا اور وہ اپنے رب ہی پر بھروسہ رکھتے ہیں نہ مخلوقات میں سے کسی عاجز اور فانی سہارے پر۔ جس طرح کہ عام ابنائے دنیا کا حال ہے۔ اور کلمہ گو مشرک تو ایسے شرکیہ اور خود ساختہ سہاروں کے لئے قرآن وسنت کی نصوص مقدسہ میں تاویل و تحریف سے بھی نہیں چوکتا۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ بہرکیف ان مومنین صادقین اور مہاجرین فی سبیل اللہ کی ایک صفت یہ بیان فرمائی گئی ہے کہ وہ مصائب و مشکلات کے ہر دور اور ہر حال میں اپنے رب ہی پر بھروسہ رکھتے ہیں کہ وہی خالق ومالک ہے سب کا۔ اور سب کچھ اسی کے قبضہ قدرت واختیار میں ہے۔ سو اس توکل اور اعتماد علی اللہ کی بدولت وہ ہمیشہ مطمئن رہتے ہیں کہ اللہ ان کو تنہا نہیں چھوڑے گا بلکہ ہر موڑ پر اور ہر مشکل کے موقعہ پر ان کی مدد فرمائے گا۔ سو حالات خواہ کتنے ہی ناموافق اور نامساعد کیوں نہ ہوں ایسے بندگان صدق وصفا اپنے اس اعتماد اور توکل علی اللہ کی بناء پر مطمئن رہتے ہیں۔ اور یہی صبر وتوکل راہ حق میں اور خاص کر ہجرت الی اللہ کی راہ میں ان کے لئے اصل زاد راہ ہوتا ہے۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویریدو علی مایحب ویرید۔ سبحانہ وتعالیٰ ۔
Top