Urwatul-Wusqaa - An-Nahl : 43
وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ اِلَّا رِجَالًا نُّوْحِیْۤ اِلَیْهِمْ فَسْئَلُوْۤا اَهْلَ الذِّكْرِ اِنْ كُنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَۙ
وَمَآ : اور نہیں اَرْسَلْنَا : ہم نے بھیجے مِنْ قَبْلِكَ : تم سے پہلے اِلَّا رِجَالًا : مردوں کے سوا نُّوْحِيْٓ : ہم وحی کرتے ہیں اِلَيْهِمْ : ان کی طرف فَسْئَلُوْٓا : پس پوچھو اَهْلَ الذِّكْرِ : یاد رکھنے والے اِنْ : اگر كُنْتُمْ : تم ہو لَا تَعْلَمُوْنَ : نہیں جانتے
اور آپ ﷺ سے پہلے ہم نے جتنے رسولوں کو بھیجا وہ آدمی تھے ان پر ہم وحی بھیجتے تھے پس اگر خود تمہیں معلوم نہیں تو ان لوگوں سے دریافت کرلو جو سمجھ بوجھ رکھتے ہیں
ہر آنے والا رسول مرد تھا کسی فرشتہ کو رسول بنا کر کسی قوم کی طرف نہیں بھیجا گیا : 50۔ منکرین رسالت کے کتنے ہی گروہ تھے ، بعض نے تو فی نفسہ نبوت کا انکار کیا اور بعض نے بشر کے رسول ہونے سے انکار کیا اس جگہ انہیں لوگوں کا ذکر کیا گیا ہے جنہوں نے بشر کے رسول ہونے سے انکار کیا تھا ان سے کہا جارہا ہے کہ تم نے یہ عقیدہ کہاں سے اخذ کیا کہ ” اللہ تعالیٰ کی شان اس سے بڑی بلند ہے کہ وہ کسی بشر کو اپنا رسول بنا کر بھیجے اگر اسے کوئی رسول بھیجنا ہی تھا تو اس کے پاس فرشتوں کی کیا کمی تھی کسی فرشتہ ہی کو رسول بنا کر بھیج دیتا ۔ “ اس جگہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ہمارا تو شروع ہی سے یہ دستور ہے کہ جب ہم قوموں کی ہدایت کے لئے قوم کی طرف رسول بنا کر بھیجتے ہیں تو انسانون ہی میں سے ایک انسان کو وہ بھی خصوصا مرد کو اس خدمت پر مامور کرتے ہیں ، اے پیغمبر اسلام ! آپ ﷺ کوئی پہلے نبی تو نہیں آپ ﷺ سے پہلے بھی ہمارے رسول تشریف لاتے رہے اور وہ سب کے سب نوع انسانی کے فرد تھے ، اے کافر ! اگر تم اس مسئلہ کی مزید تحقیق کرنا چاہتے ہو تو کسی صاحب علم سے پوچھ لو وہ تمہیں بتائے گا کہ نبی کی بعثت کا اصل مقصد افہام و تفہیم ہے اور یہ مقصد تب ہی پورا ہو سکتا ہے جب کہ رسول بھی ایک انسان ہو ، ایک فرشتہ کسی قوم کی طرف پیغام عذاب تو لے کر آسکتا ہے لیکن رسالت کے فرائض انجام دینا اس کے بس میں نہیں ہے اس کے لئے انسان کا رسول بنایا جانا ضروری ہے اور انسانوں ہی کو رسول بنا کر بھیجا گیا اور خاتم النبیین محمد رسول اللہ ﷺ بھی انسان ہیں بلکہ ایک کامل اور مکمل انسان ۔
Top