Tafseer-e-Madani - Al-Israa : 5
فَاِذَا جَآءَ وَعْدُ اُوْلٰىهُمَا بَعَثْنَا عَلَیْكُمْ عِبَادًا لَّنَاۤ اُولِیْ بَاْسٍ شَدِیْدٍ فَجَاسُوْا خِلٰلَ الدِّیَارِ وَ كَانَ وَعْدًا مَّفْعُوْلًا
فَاِذَا : پس جب جَآءَ : آیا وَعْدُ : وعدہ اُوْلٰىهُمَا : دو میں سے پہلا بَعَثْنَا : ہم نے بھیجے عَلَيْكُمْ : تم پر عِبَادًا لَّنَآ : اپنے بندے اُولِيْ بَاْسٍ : لڑائی والے شَدِيْدٍ : سخت فَجَاسُوْا : تو وہ گھس پڑے خِلٰلَ الدِّيَارِ : شہروں کے اندر وَكَانَ : اور تھا وَعْدًا : ایک وعدہ مَّفْعُوْلًا : پورا ہونے والا
پھر جب ان دونوں میں سے پہلا موقع آپہنچے گا تو ہم تم پر اپنے ایسے بندے مسلط کردیں گے جو بڑے سخت جنگجو ہوں گے پھر وہ گھس (گھس) جائیں گے تمہارے گھروں میں، یہ (اللہ کا) ایک وعدہ ہے جس نے بہر حال پورا ہو کر رہنا ہے،
12۔ اللہ کا وعدہ اٹل اور قطعی، سبحانہ وتعالی :۔ سو اللہ کے وعدے نے بہرحال پورا ہوکررہنا ہوتا۔ سو ارشاد فرمایا گیا اور یہ ایسا وعدہ ہے جس نے بہرحال پورا ہو کر رہنا ہے۔ کیونکہ یہ وعدہ اصدق القآئلین حضرت حق۔ جل مجدہ۔ کی طرف سے تھا۔ اور اس کا ہر وعدہ بہرحال سچا ہی ہوتا ہے۔ چناچہ ایسے ہی ہوا۔ اور یہ وعدہ پورا ہو کررہا۔ بابل کے بادشاہ بخت نصر نے چڑھائی کرکے ستر ہزار یہود کو تہ تیغ کردیا۔ ہزاروں قیدی بنا کر وہ اپنے ملک لے گیا۔ انکے اموال اس نے لوٹ لیے۔ تورات جلادی اور بیت المقدس کی اس نے اینٹ بجا دی۔ یہاں تک کہ تورات کا اصل نسخہ بھی ناپیدہو گیا (ابن کثیر، فتح القدیر، محاسن التاویل اور صفوۃ التفاسیر وغیرہ) ۔ سو اس سے یہ امر واضح ہوجاتا ہے کہ اللہ پاک۔ سبحانہ وتعالیٰ ۔ کے احکام سے بغاوت و سرکشی کی سزا آخرت سے پہلے اس دنیا میں بھی ملتی ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ سو ان دونوں میں سے پہلے وعدے کی تصویر پیش کرتے ہوئے ارشاد فرمایا گیا کہ جب ان دونوں میں سے پہلے وعدے کا وقت آجائے گا تو ہم تم پر اپنے ایسے زور آور بندوں کی مسلط کردیں گے جو تمہارے گھروں کے اندر گھس گھس جائیں گے اور تمہاری عزت وناموس ہر چیز کو تاراج کرکے رکھ دیں گے اور دشمن کا گھروں میں طرح گھس جانا انتہائی توہین و تذلیل کی تصویر ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔
Top