Tafseer-e-Madani - Al-Hajj : 60
ذٰلِكَ١ۚ وَ مَنْ عَاقَبَ بِمِثْلِ مَا عُوْقِبَ بِهٖ ثُمَّ بُغِیَ عَلَیْهِ لَیَنْصُرَنَّهُ اللّٰهُ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ لَعَفُوٌّ غَفُوْرٌ
ذٰلِكَ : یہ وَمَنْ : اور جو۔ جس عَاقَبَ : ستایا بِمِثْلِ : جیسے مَا عُوْقِبَ : اسے ستایا گیا بِهٖ : اس سے ثُمَّ : پھر بُغِيَ عَلَيْهِ : زیادتی کی گئی اس پر لَيَنْصُرَنَّهُ : ضرور مدد کریگا اسکی اللّٰهُ : اللہ اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ لَعَفُوٌّ : البتہ معاف کرنیوالا غَفُوْرٌ : بخشنے والا
یہ مضمون تو ہوچکا اور اب مزید سنو کہ جو کوئی اتناہی بدلہ لے جتنی کہ اسے تکلیف پہنچائی گئی پھر اس پر زیادتی کی جائے تو اللہ تعالیٰ ضرور بالضرور اس کی مدد فرمائے گا بیشک اللہ بڑا ہی درگزر کرنے والا نہایت ہی معاف کرنے والا ہے۔
118 اللہ اپنے بندوں کی پشت پر ہے : پس وہ اپنے بندوں کی مدد ضرور فرمائے گا کہ ہر کسی کی مدد کرنے والا اور حاجت روا و مشکل کشا وہی وحدہ لاشریک ہے، سو اگر کسی مسلمان پر ظلم ہوا تو اس کو اپنے ظلم کا برابر بدلہ لینے کا حق ہے، اور اس کو اس کی اجازت ہے، اگر اس کے بعد بھی اس پر زیادتی کی گئی تو دشمنان اسلام یاد رکھیں کہ اللہ اپنے ایسے مظلوم بندوں کی پشت پر ہے، وہ ان مظلوموں کا ضرور انتقام ضرور لیگا، سبحانہ و تعالیٰ ۔ سو مظلوم مسلمان اگر اپنی جان و مال کی مدافعت میں برابر سرابر کا کوئی اقدام کروں تو ان کو اس کا حق ہے۔ اور ان کو اس کی اجازت دی جاتی ہے۔ سو اگر اس کے بعد ان پر کوئی زیادتی کی گئی تو ان کے دشمن یاد رکھیں کہ خدا اپنے بندوں کی پشت پر ہے اور وہ ان کی ضرور مدد فرمائے گا ۔ سبحانہ وتعالیٰ ۔ پس بندے کا تعلق اپنے رب سے صحیح ہونا چاہیے ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید - 119 اللہ تعالیٰ کی شان عفو و درگزر کا حوالہ و ذکر : سو ارشاد فرمایا گیا اور حرف تاکید کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا کہ بلاشبہ اللہ بڑا ہی درگزر کرنے والا انتہائی بخشش والا ہے۔ پس اگر سہو اور غلطی سے کوئی قصور ہوجائے تو اس گرفت نہیں فرمائے گا ‘ اور سچی توبہ پر وہ سب گناہ معاف فرما دے گا ‘ نیز اس میں مسلمانوں کیلئے یہ درس بھی ہے کہ وہ حتی المقدور عفور و درگزر سے کام لیں، کہ جب اللہ تعالیٰ قادر مطلق ہونے کے باوجود لوگوں کو ان کی خطاؤں پر فورا نہیں پکڑتا بلکہ عفو و درگزر ہی سے کام لیتا ہے تو تم لوگوں کو بھی اے ایمان والو دوسروں کے ساتھ عفو و درگزر ہی کا معاملہ کرنا چاہیے۔ سو رب تعالیٰ کی صفات کریمہ کا عکس تمہارے اندر بھی آنا چاہیے ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید وعلی ما یحب ویرید وہو الہادی الی سواء السبیل -
Top