Tafseer-e-Saadi - Az-Zukhruf : 79
اَمْ اَبْرَمُوْۤا اَمْرًا فَاِنَّا مُبْرِمُوْنَۚ
اَمْ اَبْرَمُوْٓا : بلکہ انہوں نے مقرر کیا اَمْرًا : ایک کام فَاِنَّا مُبْرِمُوْنَ : تو بیشک ہم مقرر کرنے والے ہیں
کیا انہوں نے کوئی بات ٹھہرا رکھی ہے تو ہم بھی کچھ ٹھہرانے والے ہیں
آیت 79 اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے کیا حق کی تکذیب کرنے والوں اور اس عناد رکھنے والوں نے کوئی تدبیر کی ہے ؟ (امرا) یعنی انہوں نے حق کے خلاف سازش کی اور حق لانے والے کے خلاف چال چلی ہے تاکہ وہ ملمع سازی سے باطل کو مزین کر کے اور دلچسپ بنا کر حق کو سرنگوں کریں۔ (فانا مبرمون) یعنی ہم بھی ایک بات کو محکم بنا رہے ہیں اور ایسی تدبیر کر رہے ہیں جو ان کی تدبیر پر غالب ہے اور اس کو توڑ کر باطل کر کے رکھ دے گی اور وہ اس طرح ہے کہ اللہ تعالیٰ حق کو ثابت کرنے اور باطل کے ابطال کے لئے اسباب اور دلائل مقرر کردیتا ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : (آیت) ” بلکہ ہم حق کو باطل پردے مارتے ہیں تو حق باطل کا سر توڑ ڈالتا ہے۔ “ (ام یحسبون) کیا وہ اپنی جہالت اور ظلم کی بنا پر سمجھتے ہیں کہ (انا لانسمع سرھم) ہم اس بھید کو جسے وہ اپنی زبان پر نہیں لائے بلکہ ابھی وہ ان کے دلوں میں چھپا ہوا ہے سنتے نہیں۔ (ونجوءھم) اور ان کی خفیہ بات چیت کو جو وہ سرگوشیوں میں کرتے ہیں ؟ بنابریں وہ معاضی کا ارتکاب کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ان معاصی پر کوئی متابعت نہیں اور نہ ان باتوں کی سزا ہی ملے گی جو چھپی ہوئی ہیں۔ پس اللہ تعالیٰ نے ان کی تردید کرتے ہوئے فرمایا : (بلی) ” ہاں ہاں ! “ ہم ان کے بھید اور ان کی سرگوشیوں کو جانتے ہیں (ورسلنا) ” اور ہمارے قاصد “ یعنی باتکریم فرشتے (لدیھ یکتبون) ان کے تمام اعمال کو لکھتے ہیں اور ان اعمال کو محفوظ رکھیں گے اور جب یہ لوگ قیامت کے روز اللہ تعالیٰ کے حضور ہوں گے تو وہ ان تمام اعمال کو موجود پائیں گے جو انہوں نے کئے تھے اور تیرا رب کسی پر ظلم نہیں کرے گا۔
Top