Mutaliya-e-Quran - Al-Maaida : 35
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَ ابْتَغُوْۤا اِلَیْهِ الْوَسِیْلَةَ وَ جَاهِدُوْا فِیْ سَبِیْلِهٖ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ
يٰٓاَيُّھَا : اے الَّذِيْنَ اٰمَنُوا : جو لوگ ایمان لائے اتَّقُوا : ڈرو اللّٰهَ : اللہ وَابْتَغُوْٓا : اور تلاش کرو اِلَيْهِ : اس کی طرف الْوَسِيْلَةَ : قرب وَجَاهِدُوْا : اور جہاد کرو فِيْ : میں سَبِيْلِهٖ : اس کا راستہ لَعَلَّكُمْ : تاکہ تم تُفْلِحُوْنَ : فلاح پاؤ
اے لوگو جو ایمان لائے ہو، اللہ سے ڈرو اور اُس کی جناب میں بار یابی کا ذریعہ تلاش کرو اور اس کی راہ میں جدوجہد کرو، شاید کہ تمہیں کامیابی نصیب ہو جائے
[ يٰٓاَيُّھَا الَّذِيْنَ : اے لوگوں جو ] [ اٰمَنُوا : ایمان لائے ] [ اتَّقُوا : تو لوگ تقوی کرو ] [ اللّٰهَ : اللہ کا ] [ وَابْتَغُوْٓا : اور تلاش کرو ] [ اِلَيْهِ : اس کی طرف ] [ الْوَسِيْلَةَ : قربت کو ] [ وَجَاهِدُوْا : اور تم جدوجہد کرو ] [ فِيْ سَبِيْلِهٖ : اس کی راہ میں ] [ لَعَلَّكُمْ : شاید کہ تم ] [ تُفْلِحُوْنَ : فلاح پاؤ] وس ل (ض) ۔ وسیلۃ ۔ کسی چیز کی طرف رغبت کے ساتھ پہنچنا (مفردات القرآن ) اللہ تک تقرب حاصل کرنا ۔ (المنجد) وسیلۃ اسم ذات بھی ہے ۔ تقرب ۔ قربت ۔ آیت زیر مطالعہ ۔ ترکیب : وابتغو کا مفعول الوسیلۃ ہے ۔ الیہ اور سبیلہ کی ضمیریں اللہ کے لیے ہیں ۔ لو، شرطیہ ہے ۔ مثلہ اور معہ کی ضمیریں مافی الارض کے لیے ہیں ۔ جمیعا تمیز ہے ۔ ما تقبل ماضی مجہول ہے لیکن یہ لو کا جواب شرط ہے اس لیے اس کا ترجمہ مستقبل میں ہوگا ۔ نوٹ : 1 ۔ عربی میں وسیلۃ کا لفظ ” قربت “ کے معنی میں بھی آتا ہے اور ” ذریعہ “ کے معنی میں بھی ۔ لیکن قرآن مجید میں یہ لفظ دو جگہ آیا ہے اور دونوں جگہ قربت کے معنی میں آیا ہے ۔ اذان سننے کے بعد ہم جو دعا مانگتے ہیں اس میں یہ لفظ قربت کے مقام کے لیے آیا ہے ۔ اس کی تفسیر میں حضرت ابن عباس ؓ نے فرمایا کہ خدا کے منع کردہ کاموں سے رکے رہو اور اس کی طرف قربت تلاش کرو۔ حضرت مجاہد ؓ ، حضرت ابو وائل ؓ ، حضرت حسن ؓ حضرت ابن زید ؓ اور بہت سے مفسرین سے بھی یہی مروی ہے ۔ حضرت قتادہ ؓ فرماتے ہیں کہ خدا کی اطاعت اور اس کی مرضی کے اعمال سے اس سے قریب ہوتے جاؤ۔ ان ائمہ نے وسیلے کے جو معنی اس آیت میں کیے ہیں اس پر سب مفسرین کا گویا اجماع ہے اور کسی ایک کا بھی خلاف نہیں ہے ۔ ایک حدیث میں رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے کہ وسیلے سے بڑا درجہ جنت میں کوئی نہیں ہے ۔ پس تم اللہ تعالیٰ سے میرے لیے وسیلے کے ملنے کی دعا کرو۔ (منقول از ابن کثیر)
Top