Urwatul-Wusqaa - Al-A'raaf : 80
وَ لُوْطًا اِذْ قَالَ لِقَوْمِهٖۤ اَتَاْتُوْنَ الْفَاحِشَةَ مَا سَبَقَكُمْ بِهَا مِنْ اَحَدٍ مِّنَ الْعٰلَمِیْنَ
وَلُوْطًا : اور لوط اِذْ : جب قَالَ : کہا لِقَوْمِهٖٓ : اپنی قوم سے اَتَاْتُوْنَ الْفَاحِشَةَ : کیا آتے ہو بیحیائی کے پاس (بیحیائی کرتے ہو) مَا سَبَقَكُمْ : جو تم سے پہلے نہیں کی بِهَا : ایسی مِنْ اَحَدٍ : کسی نے مِّنَ : سے الْعٰلَمِيْنَ : سارے جہان
اور لوط (علیہ السلام) کا واقعہ یاد کرو جب اس نے اپنی قوم سے کہا تھا کیا تم ایسی بےحیائی کا کام کرنا پسند کرتے ہو جو تم سے پہلے دنیا میں کسی انسان نے نہیں کیا ؟
لوط (علیہ السلام) کی بعثت اور اپنی قوم کو سدومیت سے باز آنے کی ہدایت : 91: حضرت لوط (علیہ السلام) حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کے برادر زادہ ہیں ان کے والد کا نام ہارون تھا۔ حضرت لوط (علیہ السلام) کا بچپن حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کے زیر سایہ گزرا اور ان کی پرورش ابراہیم (علیہ السلام) کی ہی آغوش تربیت کی رہین منت تھی۔ اس لئے وہ اور حضرت سارہ ملت ابراہیمی (علیہ السلام) کے پہلے مسلم اور ” السابقون والاولون “ میں داخل تھے۔ اردن کی وہ جانب جہاں آج بحرمیت یا بحر لوط واقع ہے یہی وہ جگہ ہے جس میں سدوم اور عامورہ کی بستیاں آباد تھیں۔ اس کے قریب بسنے والوں کا یہ اعتقاد ہے کہ پہلے یہ تمام حصہ جو آب سمندر نظر آتا ہے خشک زمین تھی اور اس پر شہر آباد تھے سدوم اور عامورہ کی بستیاں اسی مقام پر آباد تھیں۔ یہ مقام شروع سمندر میں نہیں بلکہ جب قوم لوط پر عذاب آیا اور اس کی سر زمین کو تہس نہس کیا گیا اور سخت زلزلے اور بھونچال آئے تب یہ زمنم تقریباً چار سو میٹر سمندر سے نیچے چلی گئی اور پانی ابھر آیا اس لئے اس کا نام بحرمیت اور بحر لوط ہے (بستانی ج 9 ص 7 53) ابراہیم (علیہ السلام) نے ہجرت کے بعد لوط (علیہ السلام) کو سدوم کی بستی میں آباد کیا اور اپنے وقت مقرر پر اللہ نے ان کو نبوت سے سرفراز فرما دیا۔ اہل سدوم اس قدر ظلم ، فحش ، بےحیائی ، بد اخلاقی اور فسق وفجور میں مبتلا تھے کہ اس زمانہ کی قوموں میں ان کی جانب اس قسم کے واقعات عام طور پر منسوب کئے جاتے ہیں جو بےحیائی کے ساتھ غیر فطری بھی تھے۔ حضرت لوط (علیہ السلام) نے ان کو ان کی بےحیائیوں اور خباثتوں پر ملامت کی اور شرافت و طہارت کی زندگی کی رغبت دلائی اور حسن خطابت ، لطافت اور نرمی کے ساتھ جو طریقے ممکن ہو سکتے تھے سب اختیار کئے اور ہر ممکن کوشش کی کہ وہ اپنی مخصوص بیماریوں اور بےحیائیوں سے باز آجائیں لیکن ان بد بختوں پر مطلق اثر نہ ہوا بلکہ جو اثر ہوا وہ بالکل الٹا تھا۔ ان میں غیر فطری برائیوں میں سر فہرست بیان کی جانے والی برائی یہ تھی کہ مردوں کے پاس شہوت کے ساتھ آتے تھے اور یہی فعل ” سدومیت “ سے معروف ہے لیکن افسوس کہ لوگوں نے اس کو لوط (علیہ السلام) کی طرف نسبت دے کر ” لوطی “ یا ” لواطت “ کہنا پسند کیا جو کسی صورت بھی جائز نہیں ہے۔
Top